ڈراموں میں تو دلہن بنی ہوں اب اصل میں شادی کرنا چاہتی ہیں،نوال سعید
فائل:فوٹو
مقبول اداکارہ، ماڈل و رائٹرنوال سعید کاکہناہے کہ یہ بات سچ ہے کہ انہیں شادی کی خواہش ہے، کیوں کہ انہیں شادی کا شوق ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کی شادی اب اصل میں ہوجائے۔
نوال سعید حال ہی میں ایاز سموں کے شو میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور گھریلو زندگی سمیت شوبز کے معاملات پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ کس طرح وہ شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں۔
اداکارہ نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موجود ناپا سے ابتدائی طور پر میوزک کی تربیت حاصل کی اور انہوں نے وہاں 6 ماہ تک گٹار بجانا سیکھا لیکن انہوں نے مکمل میوزک نہیں سیکھا۔
اداکارہ کے مطابق بعد ازاں انہوں نے وہیں اداکاری اور گلوکاری ایک ساتھ سیکھنا شروع کی لیکن پھر انہوں نے گلوکاری کو چھوڑ کر اداکاری پر توجہ دی اور جلد ہی انہیں اشتہارات میں کام مل گیا۔
نوال سعید کا کہنا تھا کہ انہوں نے اشتہارات سے آغاز کیا اور پہلے تین اشتہارات میں انہیں محض 2 سے 3 سیکنڈز تک دکھایا گیا لیکن پھر انہیں اشتہارات کی اسکرین پر زیادہ دکھایا گیا اور وہ اپنے رشتے داروں سمیت جان پہچان والوں میں مشہور ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں کسی دوست کے کہنے پر انہوں نے ڈرامے کے لیے آڈیشن دیا جو کہ بہت برا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں اداکاری کرنے کا موقع مل گیا اور یوں وہ باضابطہ طور پر اداکارہ بن گئیں۔
نوال سعید کا کہنا تھا کہ وہ پڑھائی میں بہت اچھی تھیں، انہیں ریاضی سمیت دیگر مضامین بھی اچھے آتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کہ وہ نہ صرف ماڈلنگ و اداکاری کرتی ہیں بلکہ وہ لکھاری بھی ہیں اور وہ انگریزی میں شاعری کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ عام طور پر اس وقت شاعری کرتی ہیں جب محبت میں ان کا دل ٹوٹتا ہے۔
نوال سعید نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بہت بار بریک اَپ ہونے کے بعد ہی شاعری لکھی۔
اداکارہ نے پروگرام کے ایک حصے میں شادی سے متعلق بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا ہونے والا شریک حیات مخلص اور سچا انسان ہو، سب کو اہمیت دیتا ہو اور ان میں کسی طرح کا غرور نہ ہو۔
شادی کے سوال پر انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی شادی ہوجائے۔
نوال سعید کا کہنا تھا کہ انہیں شادی کرنے کا بہت شوق ہے، ان کی خواہش ہے کہ ان کی اصلی شادی ہو۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ڈراموں میں تو دلہن بنی ہیں لیکن اب وہ حقیقت اور اصل میں شادی کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں چاہتیں کہ ان کی شادی فوری اور جلدی ہوجائے لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں۔
Comments are closed.