ڈائلیسزکے ساتھ "فری لانسنگ” کرتی باہمت حبہ طارق

ثاقب لقمان قریشی

نام: حبہ طارق
تعلیم: آئی کام، گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے متعدد کورسز
رہائش: لاہور
شعبہ؛ فری لانسنگ

خاندانی پس منظر:

والد صاحب پراپرٹی ایڈوائزر ہیں۔ خاندان ایک بھائی اور بہن پر مشتمل ہے۔ بہن کنگ ایڈورڈ سے ایم-بی-بی-ایس کر رہی ہے جبکہ بھائی ساتویں جماعت کا طالب علم ہے۔
حبہ طارق سے، زمینی حقائق ڈاٹ کام ،کی خصوصی نشست کا احوال نذر قارئین ہے.

سوال: معذوری کا شکار کیسے ہوئیں؟

پیدائش کے وقت کمر میں ایک پھوڑا تھا جس کو نکالنے کے لئے آپریشن کیا گیا۔آپریشن نے حرام مغز کو متاثر کیا جس کے نتیجے میں دھڑ بری طرح متاثر ہوا- مرض کا نا م سپائنابائیفڈا ہے- والدین نے علاج کیلئے بہت بھاگ دوڑ کی۔ملک کے بہترین ہسپتالوں سے علاج کروایا۔ کراچی کے بڑے ہسپتالوں کے متعدد چکر بھی لگائے لیکن ڈاکٹروں کی مشترکہ رائے یہ تھی کہ حبہ اب کبھی اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہو سکیں گیں۔

سوال: بچپن کیسا گزرا؟

بچپن کو ملا جلا قرار دیتی ہیں۔ بہت سا وقت علاج کی بھاگ دوڑ میں گزر گیا۔ والدین کی محبت اور شفقت ہمیشہ ساتھ رہی۔ جس نے کبھی مایوس نہیں ہونے دیا۔

سوال: ابتدائی تعلیم کے حصول میں کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا؟

والدین چاہتے تھے کہ حبہ نارمل بچوں کے سکول سے تعلیم حاصل کریں اور عام بچوں سے برابری کی بنیاد پر مقابلہ کریں اس مقصد کے حصول کیلئے آفیسر ہائی سکول میں داخلہ کروا دیا گیا۔حبہ نے اپنے آپ کو نارمل بچوں میں ایڈجسٹ کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ احساس کمتری میں مبتلا ہونا شروع ہوگئیں۔سکول جانے سے کترانے لگیں اور بیمار رہنے لگیں۔
بچی کی کیفیت نے والدین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ بہت سوچ بچار کے بعد نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر میں داخلہ کروا دیا گیا۔سکول خصوصی بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا تھا اسلیئے سکول کی زندگی بڑی پر سکون گزری۔

سوال: کالج کی زندگی میں کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا؟

پڑھنے کا بے حد شوق تھا۔ اچھے نمبروں سے میٹرک پاس کرنےکے بعد ایسے کالج کی تلاش شروع کر دی جہاں رسائی کا کچھ نہ کچھ اہتمام ہو۔انتھک جدوجہد کے بعد بھی کسی کالج کو قابل رسائی نہیں پایا ۔ سوچ بچار کے بعد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم میں داخلہ لے لیا۔ اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی نظام میں سب سے بڑی مشکل یہ پیش آئی کہ امتحانی مراکز گھر سے دور رکھ دیئے جاتے اور پرچے اوپر نیچے کی کلاسز میں رکھنے کی وجہ سے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا۔ والدہ صاحبہ سائے کی طرح ساتھ رہتیں جسکی وجہ سے حوصلے میں کبھی کمی نہیں آئی۔

سوال: فری لانسنگ کیا ہوتی ہے اور اسکا مستقبل کیا ہے؟

فری لانسنگ پیسے کمانے کا جدید طریقہ کار ہے جس میں آپ گھر بیٹھے اپنے ہنر کو بیچتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کی بناء پر معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ فری لانسنگ میں لکھنے، ڈیزائننگ، پرفارمنگ یا کسی قسم کی سروس مہیا کرنے کے بےشمار کام ہیں جس میں آپ گھنٹے، دن یا کام کی بنیاد پر اپنا معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کے دور کو فری لانسرز کا دور کہا جاتا ہے۔ کمپنیاں بڑی بڑی بلڈنگز، لمبا چوڑا سٹاف، بجلی کے بل، کرائے اور لمبے چوڑے ٹیکس کے چکروں سے بچنے کیلئے انٹرنیٹ پر کام دیتی ہیں، فری لانسر گھر میں رہتے ہوئے یہ کام زیادہ بہتر انداز میں کر دیتا ہے۔
کرونا وبا نے دنیا کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے بہت سی صنعتیں اور کاروبار متاثر ہوئے۔ اس صورتحال نے گھر میں بیٹھ کر کام کرنے کی اہمیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ہمارے ملک میں اس وقت گھر میں بیٹھ کر کام اور فری لانسنگ کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اس سے دو نہایت اہم فائدے حاصل کیئے جاسکتے ہیں ایک طرف ہم بلڈنگ اور اسکے اخراجات سے بچ سکتے ہیں تو دوسری طرف آنے والے دور میں داخل ہونے کی پیشگی تیاری بھی کر سکتے ہیں۔

سوال: فری لانسنگ کب سے کر رہی ہیں؟ پہلا پرجیکٹ کتنے روپوں میں کیا؟ فری لانسنگ میں کیا کام کر رہی ہیں؟

فری لانسنگ پچھلے سال سے کر رہی ہوں ۔ پہلا پراجیکٹ پانچ سو روپے معاوضے پر کیا۔ پراجیکٹ بہت چھوٹا تھا لیکن یہ اعتماد میں بھر پور اضافے کا باعث بنا۔ فری لانسنگ میں گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجٹیل مارکیٹنگ کی سروسز مہیا کرتی ہوں۔

سوال: کن کن این جی اووز کے ساتھ کام کر رہی ہیں؟

ایمپاور ویلفیئر فاؤنڈیشن، مائل سٹون اور سایہ وغیرہ جیسی این جی اوز کے ساتھ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہوں ۔ اسکے علاوہ انھیں موٹی ویشنل سپیکر کے طور پر بھی مدعو کیا جاتا ہے۔

سوال: آپ کی نظر میں خصوصی خواتین کے اہم ترین مسائل کیا ہیں؟

ہمارے معاشرے میں عورت ہونا ہی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ عورت ہونے کے ساتھ اگر آپ کسی معذوری کا شکار بھی ہیں تو پھر ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں۔تعلیم کو خصوصی خواتین کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتی ہیں جس کا حل والدین کی کاؤنسلنگ، سکولوں میں رسائی اور معاشرے میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے سے ممکن ہے۔ تعلیم کے بعد ٹرانسپورٹ کو اہم ترین مسئلہ سمجھتی ہیں۔ جس کا حل قابل رسائی ٹرانسپورٹ، سستی اور سبسڈائڈ سواری سے ہی ممکن ہے۔

سوال: فارغ اوقات کے مشاغل کیا ہیں؟

ہر وقت کچھ نیا کرنے کی جستجو میں لگی رہتی ہوں ۔ فارغ اوقات میں نئی چیزیں بنانا، نئے سافٹ ویئرز سیکھنا اور منفرد کام کرنے کی تلاش رہتی ہے ۔ اسکے علاوہ لوگوں سے ملنا تبادلہ خیال کرنا پسند ہے۔

سوال: کھانے میں کیا پسند ہے؟ کیا کھانا بنا بھی لیتی ہیں؟

کھانا بنانے کا بہت شوق ہے لیکن گھر والوں نے کبھی کچن کے نزدیک نہیں جانے دیا۔ کھانے میں ہر چیز پسند ہے۔ چائنیز کھانے زیادہ پسند کرتی ہوں۔

سوال: کڈنی کا مسئلہ کب سے چل رہا ہے؟
ہفتے میں کتنی بار ڈائلیسز کرواتی ہیں؟

کڈنی کا مسئلہ بچپن سے ہی ساتھ چل رہا ہے۔ پانچ سال پہلے مرض میں شدت کی وجہ سے ڈائلیسز کی طرف جانا پڑا۔ ہفتے میں تین بار ڈائلیسز کرواتی ہیں۔

سوال: خدا سے کیا دعا مانگتی ہیں؟

خدا کی ذات سے بالکل مایوس نہیں ہوں ، اس کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرتی ہوں ۔ اپنے مسائل کو خدا کی مصلحت قرار دیتی ہیں۔ پختہ یقین رکھتی ہیں کہ ماضی میں جو کچھ ہوا انکی بہتری کے لیئے ہوا اور مستقبل میں بھی جو ہوگا انکے لیئے بہتر ہوگا۔خدا سے اپنی جائز ضروریات کو پورا کرنے کی دعا مانگتی ہیں اور دعا کرتی ہیں کہ وہ کرے جو انکے حق میں بہتر ہو۔

سوال: خصوصی افراد کو کیا پیغام دینا چاہیں گی؟

مصنوعی ذہانت کے دور نے خصوصی افراد کیلئے روزگار کے بے شمار مواقعے پیدا کر دیئے ہیں۔ خصوصی افراد فری لانسنگ کو ذریعہ معاش بنائیں اور اپنے مہارت کو دوسرے خصوصی افراد تک منتقل کرنے کی کوشش کریں۔

Comments are closed.