چین، 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق، سیکڑوں پھنس گئے، مدد کی اپیل

فوٹو : سوشل میڈیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چین میں زیر تعلیم 4 پاکستانی طلبہ میں جان لیوا کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ووہان یونیورسٹی میں سیکڑوں پاکستانی طلبہ و طالبات پھنس کر رہ گئے ویڈیو پیغام میں مدد کی اپیل کی ہے.

وائرس کی تصدیق کاانکشاف وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا نے اسلام آباد میں کرونا وائرس پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں.

صرف ووہان شہر میں 500 پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، ووہان میں 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم علاج کے بعد ان کی صحت میں بہتری آئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ چین میں پاکستانی سفارت خانہ اپنے طلبہ سے رابطے میں ہے، اطمینان بخش بات یہ ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں اور ملک اس وائرس سے محفوظ ہے، تاہم چار مریض مشتبہ ہیں جنہیں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔

معاون خصوصی کے دعوے کے بر عکس ووہان یونیورسٹی میں متعدد پاکستانی طلبہ و طالبات پھنس کر رہ گئے ہیں اور انھوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں مسلمان نہیں بلکہ بحثیت انسان مدد کی اپیل کی ہے.

ان کا کہنا ہے ہمیں علیحدہ کردیا گیا ہے اور ہم خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے اس بات کا امکان موجود ہے کہ ہمیں فاقوں کی نوبت آجائے اس لیے ہم درخواست کرتے ہیں ہماری مدد کی جائے.

ووہان کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ہے جہاں اب تک سینکڑوں افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کئی اموات بھی ہوچکی ہیں.

ادھر چین کی وہان یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کرونا وائرس کے سبب چین سے منقطع ہوجانے کے باعث خوارک کی شدید کمی کا سامنا کررہے ہیں اور حکومت پاکستان سے اپیل کررہے ہیں کہ ان کی پاکستان واپسی کے اقدامات کیے جائیں.

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین میں 40 ہزار پاکستانی ہیں اور تقریباً 6 کروڑ آبادی والے ووہان شہر میں 500 طلباء زیر تعلیم ہیں۔

ان کا بتانا تھا کہ چینی حکومت نے ووہان میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی ہے، اس ایک پابندی کہ وجہ سے چین نے پوری دنیا کو کورونا وائرس سے محفوظ کر لیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ چین سے باہر جاتے وقت سفر شروع کرنے سے پہلے کورونا وائرس کے لیے اسکریننگ کی جاتی ہے۔

ظفر مرزا نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے 21 اور 23 جنوری کو ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں کورونا وائرس کا مشاہدہ کیا گیا اور بچاؤ کی تجاویز بھی دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا ڈبلیو ایچ او کی کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ممالک احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مہم چلائیں، شبہ ہونے پر مریض کا مشاہدہ کریں اور ڈاکٹر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں

Comments are closed.