چمپئن کون؟ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آج فائنل کھیلیں گے
ابوظہبی ( خان افسر) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا فائنل میچ آج ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گاملتان پہلی بار جب کہ زلمی چوتھی مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی۔
پشاور زلمی نے22جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جب کہ اتفاق سے ملتان سلطانز کی ٹیم نے بھی فائنل تک پہنچنے کے سفر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہی ہرایا تھا۔
اب تک پشاور زلمی نے 2017ء سے 2019ء کے دوران ہر سیزن کا فائنل کھیلا، ان فائنلز میں کوئٹہ پر فتح پانے والی زلمی ٹیم کو یونائیٹڈ اور گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پی ایس ایل تاریخ میں 8 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں اوران مقابلوں میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 5 مرتبہ مات دی جبکہ اس 3 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا,فائنل میچ رات9بجے کھیلا جائے گا۔۔
پاکستان سپر لیگ کے سیزن چھ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچ کھیلے گئے ہیں جو کہ دونوں ملتان سلطانز نے جیتے ہیں،پشاور زلمی نے 2019 کے سیزن میں ملتان سلطانز کو لگاتا دو میچز ہرائے تھے۔
حیرت انگیز طور پرپی ایس ایل کی تاریخ میں یہ بھی پہلی بار ہورہا ہے کہ راونڈ میچوں سے ہٹ کر دونوں ٹیمیں کسی ایڈیشن میں تیسری بار آمنے سامنے آئے ہیں، وہ بھی میگا ایونٹ کے فائنل میں۔
ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے شان مسعود کی قیادت میں کھیلتی تھی جب کہ اس بار پہلی مرتبہ محمد رضوان کو قیادت سونپی گئی ہے جس پر بعض حلقوں کی جانب سے شان مسعود کو ہٹانے پر تنقید کی گئی لیکن رضوان کی قیادت میں ٹیم فائنل تک پہنچ گئی۔
واضح رہے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پی ایس ایل کا ایک سیزن کراچی کنگز کی طرف سے بھی کھیلاہے لیکن بد قسمتی سے کراچی کنگز کے سلیکٹرز نے موقع دینے کی بجائے انھیں بنچ پر بٹھائے رکھا۔
Comments are closed.