پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی، بلاول


سکردو(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے عمران خان کی تبدیلی سرکار نے دو سالوں میں ملک کاجو حال کیاہے وہ سب کے سامنے ہیںآ ج ہر طبقہ احتجاج پر مجبور ہو چکاہے۔

سکردو میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی ہے اور مہنگائی کے سونامی میں ہر شخص ڈوب رہا ہے۔ عام آدمی جائے تو کہاں جائے۔

گلگت بلتستان میں بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ اس علاقے کو اگر حقوق ملے ہیں تو پیپلزپارٹی کی وجہ سے ملے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔ ہمارا مقصد یہاں کے عوام کو حق ملکیت دلوانا ہے۔

اس سے پہلے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے بہت سے علاقوں کا دورہ کرچکا ہوں اور ہر جگہ نظر آرہا ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ گانچھے اور گھرمنگ میں عوام نے بتا دیا بھٹو آج بھی زندہ ہے۔

بلاول نے کہا ہم سے شہید بھٹو، شہید شاہنواز، میر مرتضیٰ اور شہید رانی کو چھینا گیا۔ جب بینظیر بھٹو الیکشن جیتیں تو گلگت بلتستان میں بجلی کا بحران تھا۔ ہم اپنے سارے جیالوں اور عہدیداروں کو یاد کرتے ہیں۔ ہم امید کی جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا میں کوئی کھلاڑی نہیں جو اپنے وعدے سے یوٹرن لے لے۔ ہماری محنت کا دارومدار 15 نومبر پر ہے۔ ہم نے پیپلزپارٹی کو 15 نومبر کو واضح کامیابی دلانا ہے۔

مجھے الیکشن میں دو تہائی اکثریت چاہئے ہے۔ ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ گلگت بلتستان کو آپ کو صوبہ بنانا پڑے گا۔ آپ مجھے دوتہائی اکثریت دلائیں گے تو پیپلز پارٹی ہی صوبہ بنائے گی۔

Comments are closed.