پشاور کےسی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

پشاور کےسی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

فوٹو : سوشل میڈیا

 پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹرپشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے پولیس اسٹیشن کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن کے اسلحہ خانے میں موجود پرانے بارودی مواد کے اچانک پھٹنے کے باعث ہوا۔ دھماکے کے بعد تھانے میں آگ بھڑک اٹھی جو گولہ بارود کے دیگر ذخیرے تک بھی پھیل گئی، جس کے نتیجے میں مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز، بی ڈی یو، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ حوالات میں موجود تمام ملزمان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق ابتدائی تجزیے میں یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں لگتا بلکہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث پرانا بارودی مواد پھٹ گیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ دھماکے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی ٹیم کے مطابق 2025 کے دہشت گردی کیسز میں برآمد کیا گیا بارودی مواد تھانے میں محفوظ کیا گیا تھا، جو ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے پھٹ گیا۔

ٹیم نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

پشاور کےسی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں بارودی مواد پھٹنے سے ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

Comments are closed.