پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہندو نوجوان جی ڈی پائلٹ منتخب

فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان کو پاکستان ایئرفورس میں جی ڈی پائلٹ منتخب کرلیا گیا۔

اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی ایک رپورٹ میں بتا یا گیاہے کہ ہمسایہ ملک بھارت میں جہاں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا جینا مشکل بنادیا گیا وہیں پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

اقلیت سے تعلق رکھنے والے تمام نوجوان پڑھ لکھ کر اپنی صلاحتیوں کا کھل کر اظہار کرسکتے ہیں جس کی نئی مثال سامنے آئی ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان کو پاکستان ایئر فورس میں جی ڈی پائلٹ منتخب کرلیا گیا ہے۔

صوبہ سندھ کے سب سے بڑے ضلع تھر پارکر سے تعلق رکھنے والے راہول دیو کی بطور پائلٹ آفیسر سلیکشن پر اقلیتی برادی انتہائی خوش دکھائی دے رہی ہے، پاکستان کے نئے جی ڈی پائلٹ کی خوشگوار تصویر بھی ٹویٹر پر گردش کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پرراہول دیو سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے،آل پاکستان ہندو پنچائیت کے سیکریٹری روی دوانی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے نوجوان سول اور آرمی آفیسرز کی صورت موجود ہیں۔

انھوں نے کہا ملک میں بہت سے ہندو ڈاکٹر بھی اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا رہے ہیں اگر حکومت اقلیتوں کا اسی طرح خیال رکھے تو آنے والے چند برس میں راہول دیو جیسے نوجوان قوم کی خدمت کے لیے پیش ہوتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج، پولیس اور رینجرز سمیت مختلف قومی اداروں میں ہندو اور سکھ افسران ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ ہندو برادری ضلع تھرپارکر میں آباد ہے، اور یہ انتہائی پسماندہ ضلع ہے یہاں سے ایک نوجوان کا پاک فضائیہ میں بطورجی ڈی پائلٹ انتخاب بہت بڑی کامیابی ہے۔

Comments are closed.