پاکستان کڈنی سنٹر ایبٹ آباد کے زیر اہتمام آگاہی تقریب
الریاض (ابرار تنولی) پاکستان کڈنی سنٹر ایبٹ آباد کے زیر انتظام سعودی عرب کے شہر الریاض کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کثیر تعداد میں ڈاکٹرز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد نے تقریب میں شرکت کی، مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ تھے۔
عبدالشکور شیخ نے اپنے خطا ب میں کہا کہ فلاحی پروگراموں میں شرکت کرنا بذات خود ایک سعادت کی بات ہے اور سفارتخانہ عوامی فلاح اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کڈنی سنٹر کے قیام اور اس میں غریب اور ضرورت مند افراد کو مفت طبعی سہولیات پہنچانے پر سنٹر کے بانی چیئرمین ڈاکٹر خلیل الرحمان کو خراج تحسین پیش کیا ۔
عبدالشکور شیخ نے کہا کہ گردوں کی بیماری انتہائی معلق بیماری ہے اور اس کا علاج بہت مہنگا ہونے کی وجہ سے غریب افراد علاج نہیں کر سکتے اس کیلئے طبعی سہولت فراہم کرنا یقینا اعلی درجے کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کی تکلیف اور دکھ کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب انسان خود اس سے دوچار ہوتا ہے، اس طرح کی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔
اس موقع پر پاکستان کڈنی سنٹر کے چیئرمین ڈاکٹر خلیل الرحمان نے ہسپتال میں موجود طبعی سہولتوں، غریب اور مستحق افراد کے علاج اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں غریب اور ضرورت مند مریضوں کو مفت طبعی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں ، پاکستان کڈنی سنٹر کے زیر اہتمام اب تک ہری پور اور ایبٹ کے دور دراز علاقوں میں کئی میڈیکل کیمپ لگائے جاچکے ہیں۔
ڈاکٹر خلیل الرحمان نے کہا دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹ کی مدد سے سکرینگ کرکے انہیں طبعی ہدایات دی جاتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں کڈنی سنٹر بلا کر علاج بھی کیا جاتا ہے۔
انہوں کہا کہ سنٹر کی توسیع کا کام جاری ہے جس میں ایک مکمل آپریشن تھیٹر کا قیام بھی شامل ہے انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کی وہ اس فلاحی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سنٹر میں 15 ڈائیلاسز مشینیں ہمہ وقت کام کر رہی ہیں پاکستان کڈنی سنٹر سے ہزارہ ڈویژن کے ساتھ ساتھ مظفرآباد اور شمالی علاقہ جات کے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خضر حیات نے کہا کہ ڈاکٹر خلیل انتہائی محنتی اور درد دل رکھنے والے انسان ہیں اور انہوں نے فلاحی ہسپتال قائم کر کے ہم سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ابرار تنولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جذبے صادق ہوں اور نیک نیتی سے اپنے ہدف کے حصول کا تعین کر لیا جائے تو اللہ کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا مجھے خوشی ہے کہ ریاض میں مقیم پاکستان بھائیوں نے بھی اس فلاحی ادارے کے قیام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس پر میں ان کا بہت مشکور ہوں۔
آخر میں بانی چیئرمین ڈاکٹر خلیل الرحمان نے حاضرین کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے، اس سے قبل تقریب کا آغاز ڈاکٹر منصور نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اختتام پر فیصل علوی نے دعا خیر کرائی۔
Comments are closed.