پاکستان کپ، پنجاب نے سندھ کو ہرا دیا، خرم منظور کے 168رنز
اسلام آباد( زمینی حقائق)پاکستان کپ 2019کے10ویں میچ میں پنجاب کی ٹیم نے سندھ کی ٹیم کو6 وکٹوں سے شکست دے دی، خرم منظور کی شاندار سنچری ،168رنز بنائے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کپ 2019کے10ویں روزپنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سندھ کی ٹیم کے کپتان عمر گل نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سندھ کی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر295رنز بنائے ،عمر امین نے 83رنز ،آصف علی نے 62،حماد اعظم نے 42اور عمر صدیق نے 38رنز بنائے۔
پنجاب کی طرف سے سہیل تنویر اور ولید اقبال نے بالترتیب17اور44رنز کے عوض3,3،ولید احمد نے دو جبکہ محمد اصغر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف38.2 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،خرم منظور نے116 گیندوں پر 23چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 168 رنز،سمیع اسلم نے54 ،افتخار احمد نے 33اور کامران اکمل نے 26رنز بنائے۔
سندھ کی طرف سے محمد الیاس نے دو جبکہ عامر یامین اور نعمان علی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔خرم منظور کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ دیا گیا۔
Comments are closed.