پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

فوٹو : پی سی بی

لاہور : پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا، پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کے سیریز کا آخری میچ 111 رنز سے جیت کر آسٹریلیا کو کلین سوئپ کردیا اور یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 7 سال بعد کلین سوئپ فتح ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 208 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 96 رنز تک محدود رہی۔ یوں ٹیم پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو 111 رنز سے شکست دی۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں بنائیں۔

صائم 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 21 رنز جبکہ شاداب خان نے 19 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 96 رنز تک محدود رہی ۔ مارکس اسٹوئنس 23 اور کیمرون گرین 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شاہین آفریدی نے ٹاپ آرڈر کو پویلین لوٹاتے ہوئے 2 اہم وکٹیں لیں جبکہ محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑی۔ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔

محمد نواز کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ کپتان سلمان علی آغا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ آج ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ کے لیے فخر زمان، خواجہ نافع اور شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا.

Comments are closed.