پاکستان میں ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 سے بڑھا کر 300 فیصد کر دی گئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد: پاکستان میں ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 سے بڑھا کر 300 فیصد کر دی گئی، وفاقی حکومت نے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں بڑا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاجس کے تحت لیوی 100روپے سے بڑھا کر 300 روپے کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیولنک کے ذریعے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں معاشی صورتحال اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا بوجھ عام عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔ نچلے اور متوسط طبقے کی جانب سے استعمال ہونے والے ریگولر پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ صرف مہنگی اور لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل سواروں اور عام صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، جبکہ ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔
حکومت کے مطابق ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں اضافے سے ماہانہ تقریباً 9 ارب روپے کی اضافی آمدن یا بچت متوقع ہے، جسے عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ امیر اور غریب طبقے کے درمیان مالی بوجھ کو متوازن کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے، تاکہ مہنگائی کے اثرات سے عام شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
Comments are closed.