پاکستانیوں کا سعودی عرب میں بسنت میلہ، الخُبر کو لاہور بنا دیا،بو کاٹا، کا شور

فوٹو : زمینی حقائق ڈاٹ کام

الخبر ( ابرار تنولی)پاکستانیوں نے ایک بار پھر الخُبر کو لاہور بنا دیا، سعودی عرب میں پاکستانیوں کی جانب سے سجائے گے بسنت میلے میں مختلف شہروں سے آئے ہزاروں افراد نے شرکت کی، آسمان رنگ برنگے پتنگوں سے بھر گیا، شرکاء کاروایتی ہلہ گلہ مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بنا رہا.

بسنت ، پاکستان کا ایک روایتی ثقافتی تہوار ہے جو موسم سرما کے اختتام اور موسم بہار کی آمد کے سنگم پر منایا جاتا ہے ۔پتنگ بازی ، بسنت کا سب سے اہم اور لازمی حصہ ہوتی ہے۔بیرون ملک آباد پاکستانی بھی اس روایتی تہوار کو بہت شوق سے مناتے ہیں۔

سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے شہر الخُبر میں گزشتہ 45 سال سے پتنگ بازی کا میلہ ہر سال بہت جوش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔اس سال بھی بسنت میلہ الخُبر کے ھاف مون بیچ گراونڈ پر منایا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

الخُبر کے علاوہ دمام ، دہران،الجبیل،ریاض ، الحساء اور جدہ کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد  شرکت کے لئے الخُبر پہنچی جس کے لئے الخُبر کائٹ کلب کے منتظمین کی جانب سے نہایت شاندار انتظامات کیئے گئے۔

الخُبر کائٹ کلب کے روح رواں شاہ ذیب بھٹی نے کائٹ کلب کے صدر استاد محمد رضوان  اور دیگر عہدیداروں میاں آصف،افضال بھٹی ،ایاز،عبدالخالق، رانا وقار،محمد اسلم ، عمر مغل ، رانا عمر،محمد عمران، عبدالوہاب اور استاد حسیب کے تعاون سے بسنت میلے کے کامیاب انعقاد کے لئے بہت محنت کی۔

پاکستان سے خصوصی طور پر پتنگ بازی کے لئے ڈور ، چرخیاں اور مختلف سائز میں رنگ برنگی خوبصورت پتنگیں منگوائی گئیں۔ بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں نے بہت بڑی تعداد میں بسنت میلے میں شرکت کی۔شرکاء کے لئے خوردونوش کا بھی نہایت شاندار انتظام کیا گیا۔

بچوں کے لئے خصوصی کھیلوں کا انتظام کیا گیا۔الخُبر کا آسمان رنگ برنگی پتنگوں کی اڑان سے نہایت خوبصورت منظر پیش کرتا رہا اور فضا بو کاٹا کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پاکستانیوں کے علاوہ مقامی سعودی باشندوں نے بھی دلچسپی کے ساتھ اس میلے میں حصہ لیا ۔

اس موقع پر میلے کی 45 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 45 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔دمام کے شاہین کائٹرز کلب کے صدر استاد دانی مہر ، واصف علی ،شکیل ، وقاص اکرم ٹھاکر المعروف وکی اور سنی نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی.

انھوں نے انتظامات میں الخُبر کائٹ کلب کا بھرپور ساتھ دیا۔اگلے مرحلےمیں جمعہ 31 جنوری کو ریاض میں ریاض کائٹ فلائنگ کلب کے زیر اہتمام شاندار بسنت میلہ منعقد ہو گا.

Comments are closed.