ٹی20 کپتان شاہین کی لاہور قلندر کے بعد ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کراچی کنگز بھی آوٹ
فوٹو: سوشل میڈیا
کراچی: ٹی20 کپتان شاہین کی لاہور قلندر کے بعد ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کراچی کنگز بھی آوٹ ہو گئی ہے، قومی ٹیم کے دونوں کپتانوں نے نہ کپتانی اچھی کی نہ ان کی ٹیمیں کارکردگی دکھا سکیں.
سابق کپتان بابراعظم کی پشاور زلمی اور سابق نائب کپتان محمد رضوان کی ملتان سلطانز کی ٹیمیں بھی فارم میں ہیں اور دونوں کی کپتانی بھی شاندار رہی ہے، قومی ٹیم کو سیاست کی نذر کرتے ہوئے نااہل کپتان بنائے گئے تھے جو پی ایس ایل میں بھی ایکسپوز ہو گئے.
پی ایس ایل 9 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو اس کے آخری میچ میں 2 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔
معمولی ہدف ہونے کے باوجود کراچی کی ٹیم ناکام رہی، ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ41 اور عرفان خان 39 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ کپتان شان مسعود ایک بار پھر فیل ہو گئے اور بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
دوسری شادی کے بعد مسلسل ناکامیوں کا منہ دیکھنے والے کراچی کنگز کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک 22، جیمز ونس21، انور علی 14 اور کیرون پولارڈ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کے نوین الحق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیوک ووڈ، عامر جمال اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 51 رنز کی محتاط اننگز کھیلی۔
روومین پاول نے 30، صائم ایوب نے 19 اور محمد حارث نے 13 رنز بنائے۔ حسیب اللّٰہ ایک، ٹام کوہلر کیڈمور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال 8 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔شاندار اننگ کھیلنے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed.