ٹی20 ورلڈ کپ،بھارت سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

فوٹو : فائل

ممبئی : ٹی20 ورلڈ کپ،بھارت سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو صرف 7 رنز سے شکست دی اور مسلسل دوسری مرتبہ فائنل کےلیے کوالیفائی کیا۔ 

بھارتی شہر ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 253 رنز بنائے۔

 ابھیشیک ایک بار پھر ناکام رہے جبکہ دوسرے اوپنر سنجو سیمسن نے 42 گیندوں پر 89 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، شوم دوبے نے 43، ایشان کشن نے 39، ہاردیک پانڈیا نے 27، تلک ورما نے 21 اور سوریا کمار یادیو نے 11 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے تمام بولرز ہی مہنگے ثابت ہوئے، عادل رشید اور ول جیکس دو دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جوفرا آرچر نے ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی تو خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، تاہم نوجوان جیکب بیتھیل نے 254 رنز کا ہدف بھی اپنی ٹیم کےلیے آسان بنانے کی بھرپور کوشش کی۔

بیتھیل آخری اوور میں 105 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ ول جیکس 35 جوز بٹلر 25 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹرز رہے،پاکستان کیخلاف سنچری بنانے والے انگلش کپتان بروک بھارت کے خلاف ناکام رہے۔

بھارت کی جانب سے بھی رنز کے اعتبار سے تقریباً تمام ہی بولرز مہنگے رہے، لیکن ہاردیک پانڈیا نے 2 جبکہ بومرا، ارشدیپ، ورون چکرورتھی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لی۔

سنجو سیمسن کو زبردست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بھارت مسلسل دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی مسلسل دو مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔

 ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل 8 مارچ کو مودی اسٹیڈیم احمدآباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا

Comments are closed.