ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت آج ہوں گے مد مقابل،بارش بھی خلل ڈال سکتی ہے
فوٹو : فائل
کولمبو : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت آج ہوں گے مد مقابل،بارش بھی خلل ڈال سکتی ہے،ایونٹ کا سب سے بڑا اور روایتی معرکہ آج شام پریما داسا اسٹیڈیم، کولمبو میں سجے گا جہاں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس ہائی وولٹیج میچ کا بخار نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دنیابھر کے کرکٹ شائقین کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
اسٹیڈیم کے ٹکٹ نایاب ہو چکے ہیں اور بلیک مارکیٹ میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی، بڑھتے فاصلے اور سوشل میڈیا کے دباؤ نے اس مقابلے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ میچ سے پہلے ہینڈ شیک ہوگا یا نہیں؟ یہ سوال بھی شائقین کے درمیان زیر بحث ہے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ کھیل کو کھیل کے حقیقی جذبے کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم جو بھی فیصلہ کرے، اس کا علم اتوار کو ہوگا۔ انہوں نے اسپنر عثمان طارق کو ٹیم کا ’ٹرمپ کارڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پوری پلیئنگ الیون کے لیے حکمت عملی تیار ہے.
دیگر اسپنرز بھی میچ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بابر اعظم اچھی فارم میں ہیں اور ٹیم ہر طرح کے حالات، حتیٰ کہ بارش سے متاثرہ میچ کے لیے بھی تیار ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ہینڈ شیک کے سوال پر کہا کہ اس کے لیے 24 گھنٹے انتظار کر لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسپنر عثمان طارق مختلف طرز کے بولر ہیں لیکن بھارتی ٹیم نے ان کے خلاف مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پاک بھارت میچ کا دباؤ ہمیشہ زیادہ ہوتا ہے، تاہم اعصاب پر قابو پا کر بہترین کرکٹ کھیلنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
کولمبو میں میچ والے دن بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جس کے باعث ٹاس میں تاخیر یا اوورز میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہفتے کی شام بارش کے باعث بھارتی ٹیم کا ٹریننگ سیشن بھی متاثر ہوا۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ بہتر نہیں رہا، تاہم ٹیم نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور اس بار اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑی ابھیشک شرما کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا ہی اصل چیلنج ہوتا ہے۔
ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو، دو میچ جیت چکی ہیں، جس کے باعث یہ مقابلہ پوائنٹس ٹیبل کے لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ شائقین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ کولمبو کی شام کس ٹیم کے نام ہوگی۔
Comments are closed.