وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

فوٹو : فائل 

نیویارک : وینیزویلا پر امریکی حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 جنوری کو وینزویلا میں کی جانے والی فوجی کارروائی کے دوران بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری نہیں کی گئی۔

وینزویلا کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس نیویارک میں منعقد ہو رہا ہے، جس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات، علاقائی استحکام اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا تفصیلی جائزہ شامل ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔

 سیکرٹری جنرل نے عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیا 

سیکرٹری جنرل کے مطابق وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ اس وقت امریکی تحویل میں ہیں، جو کہ صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وینزویلا میں بڑھتا ہوا عدم استحکام نہ صرف ملک کے اندر بلکہ پورے خطے پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

انتونیو گوتریس نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور طاقت کے استعمال کے بجائے جامع، شفاف اور جمہوری مکالمے کا آغاز کریں تاکہ وینزویلا کے عوام، معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ مل کر، اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پرامریکی فوج کا وینزویلا پر حملہ، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ گرفتار

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور تمام متعلقہ قانونی فریم ورک کا احترام ناگزیر ہے۔ ریاستوں کی خودمختاری، سیاسی آزادی اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کی پاسداری بین الاقوامی نظام کی بنیاد ہے۔

انتخابات، خودمختاری اور طاقت کے استعمال پر تحفظات

یو این سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دھمکی یا طاقت کے استعمال پر پابندی بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قوانین میں منشیات کی غیرقانونی اسمگلنگ، قدرتی وسائل کے تنازعات اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور قانونی ذرائع موجود ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں کسی بھی ریاست کی سالمیت یا آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

سیکرٹری جنرل کے مطابق وینزویلا حکومت کی درخواست پر مقرر کیے گئے انتخابی ماہرین کے پینل نے حالیہ انتخابات میں سنگین مسائل کی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ انتخابات کے نتائج مکمل شفافیت کے ساتھ جاری کیے جائیں اور عوام کے سامنے مکمل طور پر پیش کیے جائیں تاکہ جمہوری عمل پر اعتماد بحال ہو سکے۔

وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Comments are closed.