محمد عامر کاموجودہ کوچز کے ساتھ ہی ٹیم کیلئے دستیابی کااعلان
لاہور( سپورٹس ڈیسک)محمد عامر کا غصہ اتر گیا اور انھوں نے موجودہ انتظامیہ کے ساتھ ہی ٹیم کیلئے دستیابی کا اعلان کردیاہے تاہم ابھی تک سلیکٹرز یا متعلقہ حکام کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے رویہ کو جواز بنا کر ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرنے والے محمد عامر نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو میرے گھر آئے تھے اور مختلف معاملات پر بات چیت کی ہے ان سے۔
محمد عامرنے بتایا کہ اگر معاملات کلیئر ہوئے تو وہ پاکستان کے لیے دستیاب ہیں تاہم انھوں نے ان معاملات کی تفصیلات بیان نہیں کی کہ وہ کون سی رکاوٹیں ہیں جنھیں وہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
ٹیم میں واپسی کی خواہش کو اخلاقی جواز بنانے کیلئے انھوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی سی ای او کسی پلیئرکے گھر آیا ہو ، محمد عامر نے جس ملاقات کا حوالہ دیاہے وہ چار ماہ قبل ہو ئی تھی۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد محمد عامر اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے درمیان رابطے رہے، وسیم خان نے محمد عامر کو سمجھانے کی کوشش کی اور ٹیم مینجمنٹ کے بارے میں بیانات دینے سے اجتناب برتنے کا بھی مشورہ دیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو امید تھی کہ وسیم خان ٹیم میں واپسی کیلئے یقین دہانی کرائیں گے تاہم وسیم خان نے یہ ملاقات انھیں بیانات سے روکنے کیلئے کی تھی تاکہ ٹیم کے باقی ممبرز یہ راستہ نہ اپناہیں۔
واضح رہے محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ جب تک موجود ہ کوچز ٹیم کے ساتھ ہیں وہ واپس نہیں آہیں گے تاہم ٹیم میں نئے لڑکوں کی آمد اور راستے بند ہونے کے خدشہ کے پیش نظر محمد عامر نے دستیابی کااعلان کردیاہے۔
محمد عامر نے پاکستان کیلئے دستیاب ہونے کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے تاہم جب وہ پاکستان کیلئے کھیل رہے تھے تب ہی انھیں نوجوان ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لی تھی۔
اگرچہ ان کے علاوہ وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم وہ تینوں عمر کے اس حصے میں تھے جہاں نوجوانوں کیلئے سپیس بنی جب کہ محمد عامر ابھی بھی نوجوان ہیں۔
Comments are closed.