فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان کی طالبان حکومت کو صاف اور دوٹوک پیغام دے دیا
فوٹو : سوشل میڈیا
راولپنڈی : چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان کی طالبان حکومت کو صاف اور دوٹوک پیغام دے دیا ان کا کہنا ہے کہ اب ان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے انہیں سلامی دی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔
بعد ازاں نو قائم شدہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں افسروں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے اسے تاریخی اور بنیادی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی دفاعی ضروریات کے پیش نظر ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد اور ہم آہنگ نظام کے تحت مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاری اور انفرادیت برقرار رکھے گی جبکہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز تمام سروسز کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔ ان کے مطابق تینوں افواج کی بالاکمانڈ یکجا ہوگی مگر اپنی داخلی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچے برقرار رہیں گے۔
بھارت کے حوالے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بھارت کسی فریب یا غلط گمان میں نہ رہے، اگر اس نے دوبارہ اشتعال انگیزی کی تو پاکستان کا جواب پہلے سے زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر کوئی بھی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو آزمائے گا تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور یہ ایمان سے لبریز جانبازوں اور متحد قوم کے مضبوط عزم سے محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو واضح اور ذلت آمیز شکست دی تھی، اس کارروائی کے دوران دشمن کے متعدد فضائی دفاعی نظام ناکام بنائے گئے جبکہ 7 جدید بھارتی طیارے بھی مار گرائے گئے تھے۔
Comments are closed.