علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا، یقین ہے مجھے، عفت عمر


لاہور: ٹی وی اداکارہ عفت عمر نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا ہے۔

گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے پرلاہور کی سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی ، اس دوران اداکارہ عفت عمر کے بیان پر علی ظفرکے وکلا نے جرح کی۔

میشاشفیع کیخلاف ہتک عزت کیس، عدالت نے عفت عمر کوجرح مکمل کرنے کیلئے طلب کیا تھا دورانِ سماعت عفت عمر نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ میری بیٹی میشا شفیع جیسی ہو۔

جس پرعلی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا صباء حمید آپ کی بچپن کی دوست ہیں؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جی وہ میری دوست ہے اور استاد سے زیادہ احترام کرتی ہوں ان کا۔

وکیل نے پھر سوال کیا کہ کیا آپ اپنے پروگرام میں علی ظفر کے کیس سے متعلق سوال کرتی ہیں؟ اس پر ادا کارہ نے بتایا کہ میرا پروگرام مسائل پر مبنی ہے، ایک پروگرام میں علی ظفر کا سوال پوچھا ہوگا۔

جرح کے دوران علی ظفر کے وکیل نے اداکارہ عفت عمر سے پوچھا کہ کیا آپ کو یقین ہے علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا ہے؟ اس پر اداکارہ نے کہا کہ جی مجھے یقین ہے علی ظفر نے ہراساں کیا ہے۔

انھوں نے پھر یہ وضاحت کی کہ جب کوئی مجھ سے علی ظفر سے متعلق پوچھتا ہے تو میں بتاتی ہوں کیونکہ میرا پروگرام لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں، اس طرح علی ظفر بھی سوشل میڈیا پر جو بات کرتا ہے اس کو لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں۔

Comments are closed.