شعیب اختر کا دوسرے ٹیسٹ میں شاہنواز دہانی کو کھلانے کا مشورہ
راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کےسابق فاسٹ بائولر شعیب اختر زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کو کھلانے کا مشورہ دیا ہے.
پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ دہانی کی شمولیت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ شاہین آفریدی آرام کرنا چاہتے ہیں یا نہیں.
انھوں نے کہا کہ شاہنواز دہانی کو موقع دیا جاسکتا ہے لیکن آپ کو شاہین آفریدی سے پوچھنا ہوگا کہ کیا وہ آرام کرنا چاہتے ہیں، اگر شاہین آرام نہیں کرنا چاہتے تو کیا ہوگا۔
شعیب اختر نے کہا کہ 7 مئی سے شروع ہونے والے ہرارے میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو دو تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔
پاکستان نے پہلا ٹیسٹ باآسانی ایک اننگز اور 116 رنز سے جیتا تھا۔ دنیا کے تیز ترین گیند بازشعیب اختر دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان لائن اپ میں فاسٹ بولر شاہنواز دہانی اور لیگ سپنر زاہد محمود دیکھنا چاہتے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی سال میں چند ٹیسٹ میچز کھیلنے کو ملتے ہیں اور اگر مجھ سے یہی سوال پوچھا جاتا تو میں تو کہتا میں نے کھیلنا ہے.
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، میرے خیال میں اگلے ٹیسٹ میچ میں دہانی اور زاہد محمود کو موقع دیا جانا چاہئے۔
واضح رہے زاہد محمود قائداعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن کے دوران تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولرتھے جنہوں نے 10 میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہنواز دہانی نے 7 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کیں۔
Comments are closed.