سوڈان میں جھڑپوں کے دوران مصری سفارت کار ہلاک

45 / 100

فائل:فوٹو

خرطوم:سوڈان میں جنگ بندی کے دوران جھڑپوں میں مصر کے ایک سفارت کار بھی لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کی معاونت سے سوڈان میں متحارب فریق پیر کے روز سے آئندہ 72 گھنٹوں کے لیے جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔

غیر خبر رساں اداروں کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت میں واقع سفارت خانے میں تعینات مصر کے معاون انتظامی اتاشی ایک جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔محمد الغروی جنگ کے باعث سوڈان میں پھنسے مصری شہریوں کے انخلا کے دورانگولی لگنے سے ہلاک ہوئے، جب وہ سفارت خانے کی جانب جا رہے تھے۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کی معاونت سے سوڈان میں متحارب فریق پیر کے روز سے آئندہ 72 گھنٹوں کے لیے جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2 روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں سوڈانی فوج اور نیم فوجی دستہ ریپڈ سپورٹ فورسز کے مابین 72 گھنٹوں کی جنگ بندی طے پاگئی۔

سوڈان میں جنگ کے دوران کئی ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے جب کہ جھڑپوں اور خونریز لڑائیوں میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 400 سے متجاوز ہو چکی ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔

امریکا نے سوڈانی فوج (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز سے جنگ بندی پر عمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے علاوہ سوڈانی سویلین اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

خیال رہے کہ سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز اور ملکی فوج کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں پہلے ہی سیاسی بحران کے شکار ملک میں عدم استحکام اور امن و امان کی مخدوش حالت مزید ابتر ہوگئی۔

Comments are closed.