سوئزرلینڈ میں نئے سال کی رات شراب خانے میں آتشزدگی، مرنے والوں کی تعداد 40ہوگئی

سوئٹزرلینڈ میں نئے سال کی رات شراب خانے میں آتشزدگی، مرنے والوں کی تعداد 40ہوگئی

فوٹو : اے ایف پی 

جنیوا : سوئزرلینڈ میں نئے سال کی رات شراب خانے میں آتشزدگی، مرنے والوں کی تعداد 40ہوگئی جب کہ متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے جو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ،سوئزرلینڈ کے علاقے والیس میں سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں لگنے والی آگ کے بعد حکام نے شراب خانے کی کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کے لگژری اسکی ریزورٹ شہر کرانس مونٹانا میں نئے سال کی رات ایک گنجان آباد بار میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

والیس کینٹن کی پولیس نے جمعرات کی علی الصبح بتایا کہ سیاحوں میں مقبول ایک بار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگی، جہاں نئے سال کی تقریبات جاری تھیں۔

پولیس بیان کے مطابق کئی افراد جان سے گئے جبکہ دیگر زخمی ہوئے، اور واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بڑے پیمانے پر ہنگامی کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس، فائر فائٹرز اور ریسکیو عملے کی بڑی تعداد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے، جب کہ آپریشن تاحال جاری ہے۔

سوئس اخبار بلک نے موقع پر موجود ایک ڈاکٹر کے حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد درجنوں میں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ علاقائی اخبار لی نوویلیسٹ کے مطابق تقریباً 40 ہلاکتوں اور 100 زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔

سوئس میڈیا کی شائع کردہ تصاویر میں ایک عمارت کو شعلوں میں گھرا اور لوگوں کو اندھیرے میں چیختے اور بھاگتے دکھایا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق کنسرٹ کے دوران آتش بازی کے استعمال سے آگ لگنے کا امکان ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وجہ ابھی معلوم نہیں۔

پولیس ترجمان گیٹن لاتھیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدا میں نامعلوم نوعیت کا ایک دھماکا ہوا تھا، جو تقریباً رات ڈیڑھ بجے لی کانسٹیلیشن نامی بار میں پیش آیا، جہاں نئے سال کی تقریبات کے لیے 100 سے زائد افراد جمع تھے۔

دھماکے کے کئی گھنٹے بعد اے ایف پی کے فوٹوگرافر نے کرانس مونٹانا جانے والی سڑک پر متعدد ایمبولینسز دیکھیں۔ پولیس کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور کرانس مونٹانا کے اوپر نو فلائی زون نافذ کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.