دنیا کے 33 ممالک ایسے بھی ہیں جہاں کورونا وائرس نہیں پہنچا،یا بھاگ گیا

فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کی وبا عالمگیر ہے لیکن اب بھی دنیا میں 33 ممالک اور علاقے ایسے ہیں جہاں ابھی تک اس مہلک وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق  ان میں تاجکستان، ترکمانستان، کوموروس اور لیسوتھو سمیت بحرالکاہل میں دور دراز کے چھوٹے جزیرے جیسے ناورو، کریباتی اور سولومون شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے تسلیم کردہ 247 ممالک اور علاقوں میں سے 213 میں کم از کم کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آچکا ہے۔ ان میں سے 186 ممالک میں اس وائرس کی مقامی سطح پر بھی منتقلی ہوئی اور 162 ممالک میں اموات واقع ہوئیں۔

رائٹرز کے مطابق اگر کسی ملک نے کیس رپورٹ نہیں کیا تو اس کا مطلب یہ نہیں سمجھا جانا چاہیے کہ وہاں کورونا وائرس کا کوئی کیس ہے ہی نہیں، مثال کے طور پر شمالی کوریا نے کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا.

لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس کی سرحدیں چین، روس اور جنوبی کوریا کے ساتھ لگتی ہیں جہاں وائرس نے تباہی مچائی ہے، تو ہو سکتا ہے کہ شمالی کوریا میں وائرس ہو اور اسے چھپایا گیا ہو۔

ایشیا کے بعد یورپ میں فروری کے آخر سے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے،لاطینی امریکہ اور افریقہ جنوری اور فروری تک وائرس سے پاک رہے لیکن اس کے بعد وائرس یہاں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا۔

دنیا کے پانچ ممالک اور علاقے ایسے بھی ہیں جہاں کیسز رپورٹ تو ہوئے لیکن انہوں نے بہت جلد کورونا وائرس پر قابو پا لیا، ان میں اینگوئلا، گرین لینڈ، دی کریبین آئی لینڈز آف سینٹ براٹس اور سینٹ لوسیا اور یمن شامل ہیں.

Comments are closed.