جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال بعد پاکستان پہنچ گئی
کراچی (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے14 سال بعد کراچی پہنچ گئی۔ 38 رکنی سکواڈ چارٹرڈ فلائٹ سے کراچی پہنچا،میزبانوں نےفول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے۔
پاکستان پہنچنے والے تمام کھلاڑی کوویڈ ٹیسٹنگ کے بعد مقامی ہوٹل میں 5 روز قرنطینہ کریں گے، منفی ٹیسٹ پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔
دوسری جانب قومی کھلاڑی 19 جنوری سے بائیو سیکور ببل میں شفٹ ہوں گے جبکہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان 16 تاریخ کو ہوگا۔
جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
پاکستان نے پہلے ہی 20 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے قیادت کے فرائض بابر اعظم سرانجام دیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عابدعلی، عمران بٹ، اظہر علی، شاہین آفریدی، فہیم اشرف، یاسر شاہ، آغا سلمان ، سرفراز احمد، محمد رضوان اور فواد عالم شامل ہیں۔
عبداللہ شفیق، آغا سلمان، کامران غلام، نعمان خان، تابش خان، سعود شکیل، حسن علی، حارث روف اور ساجد خان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
جنوبی افریقہ 26 مقابلوں میں 15 میچ جیتے، صرف چار میں پاکستان کو فتح ملی، 7 بے نتیجہ رہے۔ پروٹیز آخری بار اکتوبر 2007 میں پاکستان آئی، 4 شہروں میں 2 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچ بھی کھیلے تھے۔
Comments are closed.