جماعت اسلامی نے 70 سالوں سے ملک وقوم کی خدمت کی، عائشہ سید

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) ڈپٹی سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ویمن ونگ اور سابقہ ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے 70 سالوں میں ہر آنے والی مصیبت کی گھڑی میں فرنٹ لائن پر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں عائشہ سید نے کہا ہے کہ کرونا کی وبا میں بھی پہلے دن سے سفید پوش اور مستحق لوگوں کی مدد کرنے کے لیے لاکھوں  رضاکار گھر گھر جا کر لوگوں کی جسمانی غذا کا بندوبست کر رہے ہیں۔۔۔ الخدمت اب تک اربوں  کی امداد پہنچا چکی ہے۔

انھوں نے کہاکہ روحانی غذا کا بندوبست کرنے کے لیے بھی ہماری قیادت نے ہر سطح کے افراد کے لیے  رمضان میں گھروں میں بیٹھ کر قرآن سے تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے مختصر اور طویل دورانیے کے؛ بچوں، لڑکوں، لڑکیوں کے لیے پروگرام طے کیے اس کے فیڈبیک میں ہر طرف سے تشکر کے جذبات ہیں۔

علماء کی مجالس میں شرکت کے لیے دوردراز کے سفر کرنے پڑتے تھے اور آج اس ٹیکنالوجی اور ٹیم ورک کی بدولت  عطاءالرحمان صاحب کے  دورہ قرآن سے قرآن انسٹیٹیوٹ، جامعات اور حلقہ ھائے دروس کی معلمات خوب فیض اٹھا رہی ہیں۔

گھریلو خواتین اور ورکنگ ویمنز جو اپنی ازدواجی زندگی اور جابز کی مصروفیات کی وجہ سے روٹین کے دورہ قرآن میں شرکت نہیں کر پاتی تھیں آج کئی سالوں بعد مختصر دورانیہ کے خلاصہ قرآن کے ذریعے قرآن سے پھر رشتہ جڑنے پر انتہائی مسرور اور شاداں ہیں۔

علاقائی زبانوں کے لیکچر نے تو گاؤں دیہات کی خواتین کا بھی دل خوش کر دیا، نوجوان طالبات کوثر مسعود صاحبہ کے مخصوص سورتوں کے دروس سے مستفید ہو رہی ہیںشعبہ اطفال اور ینگ مسلمز کی سرگرمیاں انتہائی دلچسپ اور معلوماتی ہیں۔ 

انھوں نے کہا واقعتا اجتماعیت پر اللہ کا ہاتھ ہوتا ہے۔ اس کی رحمتیں اور برکتیں نظر آرہی ہیں۔ اللہ ان ساری کوششوں کے بدلے اسلام کو غالب کر دے۔ اور جو لوگ جہاں جہاں اس فریضے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں انہیں اس کا بہترین اجر عطا فرمائے.

Comments are closed.