تنخوائیں نہ ملنے پر ملازمین کی ہڑتال ، میٹرو بس سروس معطل، جڑواں شہروں کے شہری رُل گئے

فوٹو : فائل 

راولپنڈی : تنخوائیں نہ ملنے پر ملازمین کی ہڑتال ، میٹرو بس سروس معطل، جڑواں شہروں کے شہری رُل گئے ،راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کے ملازمین نے ہڑتال کر دی، جس کے باعث میٹرو بس سروس کا آپریشن مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔

ہڑتال کے نتیجے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس معطل ہو گئی، جبکہ پچاس سے زائد میٹرو بسیں مسافروں سمیت ٹریک پر روک دی گئیں۔ بسوں میں موجود مسافر شدید حبس اور پریشانی کا شکار رہے۔

ہڑتالی ملازمین نے میٹرو ٹریک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سروس کی بندش سے دفاتر جانے والے ملازمین، خواتین اور بزرگ شہری بری طرح متاثر ہوئے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جبکہ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات بھی ناکام ہو گئے، جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

میٹرو بس سروس کی بندش عین اسکول اور کالج کی چھٹی کے وقت ہوئی، جس کے باعث طلبہ و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تاحال انتظامیہ کی جانب سے سروس کی بحالی کے حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا تاہم مختلف بس اسٹیشنز پر مسافروں کا رش لگ گیا ہے جہاں بتایا گیا ہے کہ ہڑتال ہے بس سروس آج معطل ہے۔

مزاکرات کامیاب ہونے پر ملازمین کی ہڑتال ختم 

نجی کمپنی سے سیکرٹری آر ٹی اے کے مذاکرات کامیاب ہونے پر بعد میں جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی، سیکرٹری آر ٹی اے اسد عباس شیرازی نے کہا ہے کہ نجی کمپنی نے ملازمین کی تنخواہوں روک رکھیں تھیں۔

اسد عباس شیرازی نجی کمپنی کی یقین دہانی پر ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی، نجی کمپنی کو سخت ہدایات دی گئیں کہ میٹرو بس سروس میں تعطل پیدا نہ ہو.

Comments are closed.