تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل کانفرنس ،اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن رہنما ’زبردستی‘ ہوٹل میں داخل

5 / 100

فوٹو:اسکرین گریب
اسلام آباد:اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قومی کانفرنس کے انعقاد سے قبل اپوزیشن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماوٴں کو نجی ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس کے بعد وہ زبردستی اس میں داخل ہوگئے۔اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا کہ ہم یہاں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، آرٹیکل 7 میں ریاست کی تعریف واضح طور پر لکھی ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ نیشنل کانفرنس اسلام آباد میں جاری، کانفرنس کے شرکاء بکنگ کے باوجود اجازت نہ ملنے پر نجی ہوٹل کی دیواریں اور گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام آل پارٹیز نیشنل کانفرنس کے دوسرے روز قیادت اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچی تو انتظامیہ نے داخلے سے روک دیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر قیادت کو بھی داخلے کی اجازت نہ ملی۔ موقع پر موجود افراد نے ہوٹل کی دیواریں پھلانگ کر مرکزی گیٹ کھلوا دیئے۔ اپوزیشن قیادت نے آڈیٹوریم کی بجائے ہوٹل کی لابی میں ہی کانفرنس کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر اپوزیشن قائدین نے اپنے خطاب میں ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے ملک کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ملک کو سنجیدہ مسائل درپیش ہیں ان کے حل کیلئے قومی قیادت کو آئین اور قانون پر عملدرآمد کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ہم یہاں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، آرٹیکل 7 میں ریاست کی تعریف واضح طور پر لکھی ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ یہاں پر ہوٹل والوں نے کہا کہ گیٹ پھلانگ کر آئیں اس سے بڑا ظلم اور ناانصافی نہیں ہوسکتی اس معاملے کو انسانی حقوق کمیٹی اور استحقاق کمیٹی میں اٹھاوٴں گا۔
تحریک انصاف کے رہنماء سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ بانی چیئرمین کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں اگر بانی چئیرمین ڈیل کرتے تو بہت پہلے لندن چلے جاتے ہم گارنٹی کے طور پر ساتھ کھڑے ہوِں گے قوم متحد ہوکر باہر نکلے، ہمارا ساتھ دے۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کی جماعت جو یو آئی کی نمائندگی کامران مرتضی نے کی۔ اجلاس مصطفی نواز کھوکھر ، مفتاح اسماعیل، سلمان اکرم راجہ اور صحافی حامد میر سمیت مختلف شخصیات شریک ہوئیں۔کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس اور اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

Comments are closed.