بھارتی خاتون نےبھاگ کر گوجرانوالہ کے سلمان سے شادی کرلی

اسلام آباد( نیٹ نیوز) بھارتی خاتون شوہر کے ظلم سے تنگ آ کر پاکستان بھاگ آئی، چندی گڑھ کی ٹینا نے اسلام قبول کر کے گوجرانوالہ کے سلیمان سے شادی کر لی۔

ادھربھارتی دفتر خارجہ نے ٹینا کو بھارت واپس بھیجنے کی درخواست کر دی اور کہا ٹینا اپنے شوہر امیش سے ناراض ہو کر پاکستان آگئی ہے۔

بھارتی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سلیمان نے اسے زبردستی اسلام قبول کروانے کے بعد یرغمال بنا رکھا ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ ذرائع کے مطابق ٹینا کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے کی بھارتی درخواست کو مسترد کر دیا جائے گا۔

سلمان زیرو پوائنٹ کا رہائشی ہے اور اس نے ٹینا کے سابق شوہر کے تشدد کی ویڈیوز بھی سنبھال کر رکھی ہیں۔ ٹینا کی سلمان سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی اور اب بھارتی خاتون پاکستان آکر مسلمان ہوگئی ہے۔ ٹینا نے لاہور میں ایک مدرسہ میں اسلام قبول کیا اور اس نے اپنا نام عائشہ رکھا۔

بھارتی خاتون عائشہ نے کہا ہے کہ وِزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا جواب دیں، میرے ساتھ کوئی زور زبردستی نہیں کی گئی، میں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا اور سلمان سے شادی کی، وزیر اعظم عمران خان ہمیں تحفظ دیں۔

سلمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی دوستی محبت میں بدلی، 2015ء سے دوستی چل رہی تھی جس کے بعد شادی کا فیصلہ ہوا اب یہ مرضی سے پاکستان آئی ہیں مسلمان ہوئیں اور ہم نے نکاح کیا، وزیراعظم عمران خان مدد کریں ہمیں تحفظ دیں اور بیوی کو جلد از جلد پاکستانی شہریت دی جائے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ سلیمان نے اسے زبردستی اسلام قبول کروانے کے بعد یرغمال بنا رکھا ہے۔ بھارتی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹینا اپنے شوہر امیش سے ناراض ہو کر پاکستان آگئی ہے حکومت پاکستان اسے فوری واپس بھیج دے۔

Comments are closed.