بنگلہ دیشی کرکٹر کی شادی کے جوڑا میں بیٹنگ کی تصاویر وائرل
فوٹو:ٹوئٹر آئی سی سی
ڈھاکہ(نیٹ نیوز) بنگلہ دیش کی نیشنل ویمن ٹیم کی کرکٹر سنجیدہ اسلام نے شادی کا منفرد فوٹو شوٹ کرایاہے جو کہ اب دنیا بھر میں وائرل ہوچکا ہے،سنجیدہ اسلام شادی کے لباس میں بیٹنگ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
24 سالہ سنجیدہ اسلام نے رنگپور کے فرسٹ کلاس کرکٹر میم مصدق سے شادی کی ہے اور وہ فوٹو شوٹ کے دوران روایتی زرق برق لباس، جیولری پہنے اور بیٹنگ کرتی نظر آئیں۔
بتا یا جاتاہے کہ سنجیدہ اسلام کا یہ فوٹو شوٹ ایک کرکٹ فیلڈ میں ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔اس کے بعدخاتون کرکٹر نے اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھیں۔
Dress ✅
— ICC (@ICC) October 21, 2020
Jewellery ✅
Cricket bat ✅
Wedding photoshoots for cricketers be like … 👌
📸 🇧🇩 Sanjida Islam pic.twitter.com/57NSY6vRgU
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی ان کی یہ ادا بھاگئی اور آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کی تصاویر شیئر کردیں ساتھ لکھا ہے کہ لباس، زیورات، کرکٹ بیٹ، کرکٹر کی شادی کا فوٹو شوٹ ایسا ہی ہوتا ہے۔
بات تھوڑی آگے بڑھی تو ای ایس پی این کرک انفو نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سنجیدہ اسلام کے برائیڈل فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کردیں اور ساتھ لکھا کہ شادی کا فوٹو شوٹ جس نے ہم سب کو بولڈ کردیا۔
سنجیدہ اسلام نے اپنے 8 سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں 16 ون ڈے اور 54 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، انہوں نے ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 174 رنز بنائے اور وہ ٹی 20 میچز میں 520 رنز بنا چکی ہیں۔
بنگلہ دیشی کرکٹر نے 2012 میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور رواں برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں میلبورن میں سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی نمائندگی کی تھی۔
فوٹو شوٹ کے حوالے سے سنجیدہ اسلام نے خبر رساں ادارے ، اے ایف پی ،کو بتایا کہ ان کا بیٹ کے ساتھ پوز کرنے کا ارادہ نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ اپنی شادی کی رسومات سے ایک روز قبل وہ میم مصدق کے ساتھ اسٹیڈیم گئی تھیں۔
سنجیدہ اسلام نے کہا کہ میں نے کچھ بچوں کو کھیلتے دیکھا اور میں خود کو روک نہیں سکی، میرے ساتھیوں نے ان لمحات کو خوبصورتی سے تصاویر میں قید کرلیا۔ میں نے فیس بک اور انسٹاگرام پر معمول کی طرح تصاویر شیئر کی تھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنی زیادہ وائرل ہوجائیں گی۔
Comments are closed.