بلاول بھٹو اور صدر زرداری کا دوٹوک مؤقف، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاسی بحران کا خاتمہ ضروری ہے
فوٹو : سوشل میڈیا
لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے اور وفاق کو صوبوں کو مزید اختیارات دینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت تھا، اور مفاہمت کی کامیابی کے لیے سیاسی انتہا پسندی ترک کرنا ہوگی۔
گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی جیسے حملے، اداروں کو گالیاں دینا اور تشدد سیاست کے دائرے میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مئی میں ہونے والی شکست آج تک ہضم نہیں ہو رہی، اور اب مودی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی چھپ جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، جس کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کو عزت اور پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ جن طیاروں نے بھارتی طیارے مار گرائے، وہ صدر آصف علی زرداری کے فیصلوں کا نتیجہ تھے۔
بھارت پاکستان جیسا بہادر فیلڈ مارشل کہاں سے لائے گا؟
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت خود کو پاکستان سے دس گنا بڑا ملک کہتا ہے، مگر بھارت پاکستان جیسا بہادر فیلڈ مارشل کہاں سے لائے گا؟ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ملک سے جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر کسی نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے بھارت کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جنگ کوئی کھیل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو یاد رکھے کہ یہاں بھٹو کے وارث موجود ہیں جو ہر محاذ پر ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کا دن ہمیں تقسیم کرنے کے لیے تھا، مگر انہوں نے "پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر قوم کو جوڑ دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا کیونکہ ہماری افواج اور عوام شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا، این ایف سی ایوارڈ کو آئینی تحفظ دیا اور آئینی عدالت کا قیام شہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ تھا، جو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی مسائل سے نکلنے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
بلاول بھٹو اور صدر زرداری کا دوٹوک مؤقف، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاسی بحران کا خاتمہ ضروری ہے
Comments are closed.