ایک گھرسے 5بہنیں سی ایس ایس امتحان میں کامیاب
ہری پور(رپورٹ ، عاقل خان)سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والی ایک ہی گھر کی پانچ بہنیں نیاریکارڈ قائم کر گئیں۔
رواں برس کے امتحان میں کامیاب ہونے والی راولپنڈی کی ضحیٰ ملک شیر کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں،ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس کے فائنل امتحان میں پاس ہونے والے 372 امیدواروں میں شامل ہیں۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) امتحان برائے 2019 کے نتائج کا اعلان جمعرات کو ہوا، جن میں پاس ہونے والی راولپنڈی کی ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس امتحان پاس کرنے والی ایک ہی خاندان کی پانچویں خاتون بن گئی ہیں۔
سی ایس ایس امتحان کے لیے کْل 23 ہزار 234 امیدواروں نے اپلائی کیا تھا جبکہ 14 ہزار 521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے فائنل امتحان میں صرف 372 ہی پاس ہوئے۔
کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ضحیٰ ملک شیر بھی شامل ہیں، جن کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔
پانچ بہنوں میں سب سے بڑی بہن لیلیٰ ملک شیر نے 2008 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور وہ اس وقت کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔ دوسری بہن شیریں ملک شیر نے 2010 میں سی ایس ایس پاس کیا اور اس وقت وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر ہیں۔
اسی طرح 2017 میں سسی ملک شیر اور ماروی ملک شیر نے سی ایس ایس کے امتحان میں حصہ لیا اور دونوں پاس ہوگئیں۔ سسی سی ای او لاہور کنٹونمنٹ میں زیرِ تربیت ہیں، جبکہ ماروی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ہیں۔
جمعرات کو ان کی سب سے چھوٹی بہن ضحیٰ نے بھی یہ امتحان پاس کرکے ممکنہ طور پر پاکستان میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔
ضحیٰ کے والد محمد رفیق اعوان واپڈا میں ملازمت کرتے ہیں اور ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے تربیلا شہر سے ہے۔ وہ کئی سال پہلے ملازمت کے سلسلے میں راولپنڈی منتقل ہوگئے تھے۔
اپنی کامیابی کے حوالے سے ضحیٰ کاکہنا ہے کہ میری کامیابی میرے والدین کی کوششوں کا نتیجہ ہے ، انھوں نے کہا میں اپنی بہنوں سے متاثر ہو کر مقابلے کے امتحان میں شامل ہوئی اورمجھے امید تھی میں کامیاب ہوجاوں گی۔
بہنوں کے ناموں کے حوالے سے انھوں نے دلچسب معلومات شیئر کی اور بتایا کہ’میرے والد نے اپنی بیٹیوں کے نام پاکستان کی لوک داستانوں کے کرداروں کی مناسبت سے رکھے ہیں جیسے سسی، ماروی، شیرین اور لیلیٰ۔‘
Comments are closed.