امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں پھر توسیع کر دی

فوٹو : فائل

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں پھر توسیع کر دی ہے اور معاہدہ یا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے اب منگل کی رات 8 بجے تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد وہ ایران کے پُل اور پاورپلانٹس تباہ کر دیں گے۔

خیال رہے حملہ ایران کی ایٹمی و میزائل صلاحیت ختم کرنے کیلئے کیا گیا تھا جب کہ اب امریکی صدر پلوں و توانائی انفراسٹرکچر کی تباہی پہ آگئے ہیں ،امریکی صدر اب تک ایران کو دیے گئے الٹی میٹم میں 4 مرتبہ توسیع کرچکے ہیں۔

ٹرمپ کی جانب سے ہفتے کے روز ایران کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو پیر کی صبح ختم ہونی تھی، اب صدر ٹرمپ نے اتوار کی شب اپنے سوشل پلیٹ فارم پر مختصر پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے اس ڈیڈ لائن میں 24 گھنٹے کا اضافہ کرتے ہوئے لکھا ’منگل، رات 8 بجے (ایسٹرن ٹائم)!‘

یہ مہلت ایرانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے 3 بجے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے ختم ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو متعدد خبر رساں اداروں کو بیانات دیے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر منگل تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو ایران کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا جائے گا۔

ٹرمپ کی امریکی صحافی سے ٹیلی فونک گفتگو 

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کو دیے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے لیکن ناکامی کی صورت میں وہ ایسا تباہ کن حملہ کریں گے جو اہم بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کر کے رکھ دے گا۔

https://

امریکی صحافی باراک ریوڈ سے 8 منٹ پر محیط اس فون کال میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بات چیت پاکستانی، مصری اور ترک ثالثوں کے علاوہ ٹرمپ کے مشیروں اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے بھی ہو رہی ہے۔

شہری انفراسٹرکچر تباہی کی دھمکی جنگی جرم ہے، ایران 

ادھر ایران نے امریکی صدر کی جانب سے شہری انفراسٹرکچر اور پاورپلانٹس کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ایسا کیا گیا تو ایران بھی جوابی حملوں میں تیزی لائے گا اور تباہ کُن حملے کرے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالبیاف نے ’ایکس‘ پر ردعمل میں صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے کہا کہ ’آپ کی حرکتیں امریکی شہریوں کو زندہ جہنم میں دھکیل رہی ہیں اور اس سے پورا خطے جل جائے گا، کیوں کہ آپ نیتن یاہو کے احکامات پر عمل کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایسی کوئی غلطی مت کیجئے گا، آپ کو جنگی جرائم سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس تنازع کا واحد حل ایرانی عوام کے حقوق کا احترام اور اس خطرناک کھیل کو ختم کرنا ہے‘۔

صحافی ٹرے یِنگسٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے انہیں ایران پر حملوں سے قبل ہونے والے مظاہروں کے دوران امریکا کے پسِ پردہ آپریشنز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا نے ایران میں احتجاج کو ہوا دینے اور پُر تشدد بنانے کے لیے کُردوں کے ذریعے بڑی تعداد میں بندوقیں ایران پہنچانے کی کوشش کی تھی، میرا خیال ہے کہ کُردوں نے وہ ہتھیار اپنے پاس ہی رکھ لئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران
کو دی گئی ڈیڈ لائن میں پھر توسیع کر دی

Comments are closed.