امریکہ کے ایران کی پارس گیس فیلڈ پر حملہ کاجواب، سعودی تنصیبات نشانہ بن گئیں

فوٹو : فائل

تہران : ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی ، امریکہ کے ایران کی پارس گیس فیلڈ پر حملہ کاجواب، سعودی تنصیبات نشانہ بن گئیں، توانائی کے ذخائر مسلم ممالک کے ہدف بن رہے ہیں اور اسرائیل ایک تیر سے دو شکار کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے.

ایران نے ریاض پر بیلسٹک میزاٸل حملے کئے ہیں جن کا ہدف توانائی تنصیبات تھیں،ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں توانائی تنصیبات پر حملے کے لیے مجبور کیا گیا ہے۔ پڑوسی ممالک کی توانائی تنصیبات کونشانہ نہیں بنانا چاہتے تھے۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ ایرانی توانائی تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی کمپنیوں سے جڑی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر مجبور ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے ریاض پر بیلسٹک میزاٸل حملے کیے گئے، 4 بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔

سعودی حکام کے مطابق میزائلوں کا ملبہ شہر کے مختلف علاقوں میں گرا، جبکہ ان واقعات میں ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی.

ایران کی توانائی تنصیبات پر اسرائیلی حملہ غیر ذمہ دارانہ ہے، قطر

دوسری طرف قطر نے ایران کی توانائی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایران کی ساؤتھ پارس فیلڈ کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو قطر کے نارتھ فیلڈ کی توسیع ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملہ عالمی توانائی کے تحفظ کے لیے خطرہ ہے۔

متحدہ عرب امارات نے بھی ایران اور قطر کی مشترکہ پارس گیس فیلڈ پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے سے مکمل گریز کرنے پر زور دیا ہے۔

گزشتہ روز اسرائیل نے ایران کی ساحلی جنوبی پارس فیلڈ میں گیس تنصیبات پر حملہ کیا ہے جس سے 25 ہزار ملین مکعب فٹ سے زائد ایرانی گیس کی پیداوار معطل ہوگئی۔

دنیا کی سب سے بڑی ساؤتھ پارس فیلڈ ایران اور قطر کی مشترکہ ملکیت ہے، ایرانی صدر پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایرانی توانائی تنصیبات پر حملے صرف پیچیدگیاں پیدا کرنےکا سبب بنیں گے.

ٹرمپ مزید حملے کر سکتے ہیں، امریکی اخبار

ادھر امریکی اخبار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تیل تنصیبات پر حملوں سے ایران کو پیغام پہنچ چکا ہے، ایران نے آبنائے ہرمز میں اشتعال انگیزی جاری رکھی تو ٹرمپ مزید حملے کر سکتے ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ کو ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر حملے کا علم تھا، ٹرمپ چاہتے تھے کہ ہرمز کے معاملے پر ایران پر دباؤ ڈالا جائے.

Comments are closed.