افغانستان سری لنکا سے شکست کے بعد سپرفورمرحلے سے آوٹ ہوگیا
فوٹو: ٹوئٹر
لاہور: ایشیا کپ گروپ بی کے تیسرے میچ میں افغانستان سری لنکا سے شکست کے بعد سپرفورمرحلے سے آوٹ ہوگیا، افغانستان کے فضل حق فاروقی تک ایک بار پھر بات پہنچی اور ایک بار پھر ہارٹیم ہار گئے، دوسرے اینڈ پر راشد خان بے بسی کی تصویر بنے کھڑے رہے پوری ٹیم آوٹ ہوگئی.
پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا،سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 291 رنز بنائے۔
سپر فور کےلیے کوالیفائی کرنے کےلیے افغانستان کو مطلوبہ ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا جو وہ نہ صرف یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے بلکہ جیت سے صرف 3 رنز دور آل آؤٹ ہوگئے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ، اوپنرز دیمتھ کرونارتنے اور پاتھم نسانکا نے 63 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ تاہم 80 کے مجموعے تک دونوں بالترتیب 32 اور 41 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں گلبدین نائب نے آؤٹ کیا۔
سری لنکا کو 86 کے مجموعے پر تیسری وکٹ سے بھی محروم ہونا پڑا جب سدیرا سمارا وکراما صرف 3 رنز بنانے کے بعد گلبدین نائب کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔
ایسے میں کوشال مینڈس اور چریتھ اسالانکا کے درمیان 102 رنز کی پارٹنرشپ نے افغانستان کو پھر بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
اسالانکا 36 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، تاہم انکے بعد مینڈس کا ساتھ ان فارم دھننجیا ڈی سلوا دینے آئے، ویسے تو وہ 14 رنز کے مہمان ٹھہرے، لیکن انہوں نے پانچویں وکٹ پر 33 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ ڈی سلوا کو 221 کے مجموعے پر مجیب الرحمان نے بولڈ کیا۔
Sri Lanka clinches a thrilling victory by just 2 runs and secures the spot in the #AsiaCup2023 super four round!#LankanLions #SLvAFG pic.twitter.com/E223jJZSlG
— Sri Lanka Cricket 🇱🇰 (@OfficialSLC) September 5, 2023
226 کے اسکور پر سری لنکا کو پہلے 92 رنز بنانے والے کوشال مینڈس کی صورت میں پھر ایک رن کے بعد کپتان دسن شناکا کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔
آٹھویں وکٹ پر دینوتھ ویلالاگا اور مہیش ٹھیکشانا نے 64 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر افغانستان کی سری لنکا کو چھوٹے ٹوٹل تک محدود رکھنے کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب 60 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک آؤٹ کیا۔
افغانستان نے 37.1 اوورز کو ہدف میں بیٹنگ شروع کی لیکن ابتدائی بلے باز دفاعی حکمت عملی کے ساتھ رنز بناتے رہے جبکہ ایک اینڈ سے وکٹیں بھی گرتی رہیں۔
50 تین اہم وکٹیں گنوانے کے بعد افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے پہلے رحمت شاہ کے ساتھ 63 گیندوں پر 71 اور پھر محمد نبی کے ساتھ 43 گیندوں پر 80 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کےلیے جیت کی امید جگادی۔
رحمت شاہ نے 40 گیندوں پر 45 جبکہ محمد نبی نے 32 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی،اختتامی لمحات میں کریم جنت نے 22، نجیب اللّٰہ زادران نے 23 اور راشد خان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ اننگز ٹیم کو جتوانے میں گارگر ثابت نہ ہوسکیں۔
افغانستان کو مطلوبہ ہدف تک پہنچنے کےلیے 38ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 رنز درکار تھے تو مجیب الرحمان اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کے پاس سپر فور میں کوالیفائی کرنے کا ایک اور موقع تھا جب اسے 37.4 اوورز میں آخر میں ایک رن بنانے کے بجائے چھکا لگانے کی کوشش کرنی تھی تو اس وقت سری لنکن بولر دھننجیا ڈی سلوا نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے آخری افغانی بیٹر فضل الحق فاروقی کو آؤٹ کردیا۔
سری لنکا اس جیت کے ساتھ ہی ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی بھی کرلیا،اضح رہے کہ سری لنکا کے ساتھ گروپ بی سے بنگلادیش نے سپر فور کےلیے کوالیفائی کیا۔
Comments are closed.