ابوظہبی میں بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے 2 افراد ہلاک، 3 زخمی، امریکہ ایران مذاکرات پر تضادات برقرار
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: ابوظہبی میں بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے 2 افراد ہلاک، 3 زخمی، امریکہ ایران مذاکرات پر تضادات برقرار ہیں ، بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی میں فضائی دفاعی نظام نے ایک بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے تباہ کر دیا، تاہم اس کا ملبہ زمین پر گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق واقعے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام نے میزائل کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات ایران سے منسوب حملوں کی زد میں رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ جنگ: ہلاکتیں 2000 سے تجاوز
چوتھے ہفتے میں داخل ہونے والی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے بڑھ گئی ہے۔
ایرانی ہلال احمر کے مطابق ایران میں اسرائیلی اور امریکی حملوں میں 1200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ لبنان میں کم از کم 1000 اور اسرائیل میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ 13 امریکی فوجی بھی مارے گئے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تضاد
امریکی قیادت مسلسل ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور جنگ کا خاتمہ صرف ایران کی شرائط پر ممکن ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت مذاکرات کو تسلیم کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ پینٹاگون نے خطے میں مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی بھی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے رابطہ کر کے خطے کی صورتحال اور ایران و امریکہ کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
آسٹریلیا کی ایرانی شہریوں پر پابندی
آسٹریلیا نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 7000 سے زائد ایرانی شہریوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیر داخلہ ٹونی برک کے مطابق یہ پابندی چھ ماہ تک برقرار رہے گی، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے تنقید بھی سامنے آئی ہے۔
Comments are closed.