شعیب ملک نے، ایل پی ایل ، کاٹائنٹل جافنا اسٹالینزکو جتوادیا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) سلیکٹرز کی سیاست کی نذر ہو کر دورہ نیوزی لینڈ سے آوٹ کئے شعیب ملک نے پہلی لنکا پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جافنا اسٹالینز کو جتوادیا،، فاتح ٹیم کے شعیب ملک نے 46 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے فائنل میں جافنا اسٹالینز نے پہلے بیٹنگ کی، ٹیم 70 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی، اویشکا فرنانڈو 27، جانسن چارلس 26 اور اسالنکا 10رنز بناکر پویلین گئے۔
چوتھی وکٹ پرمرد بحراں شعیب ملک اور دھننجایا نے 69 رنز کی شراکت قائم کی، دھننجایا نے 33 اور شعیب ملک نے 46رنز کی مزاحمتی اننگ کھیل کر ایک بار پھر پاکستانی سلیکٹرز کو غلط ثابت کیا۔
شعیب ملک پھنسی ہوئی ٹیم کو بھنور سے نکال کر باہر لائے جب کہ کپتان تھسارا پریرا نے آخری اوورز میں صرف 14 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بنائے، جافنا کا اسکور 6 وکٹ پر 188 رنز رہا، لکشن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں189رنز کے تعاقب میں گال گلیڈی ایئٹرز کی بیٹنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، گونا تھلاکا ایک، حضرت اللہ صفر اور احسان علی 6 رنز بناکر واپس گئے۔
کپتان راجاپاکسے کی دھواں دھار اننگز محض 40 رنز تک محدود رہی ، اُنہوں نے صرف 17 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں سے بنائے۔معین خان کے فرزنداعظم خان نے چار چھکوں کے ذریعے 36ر نز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی۔
کپتان شاہد آفریدی کے بغیر کھیلنے والی گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 وکٹ پر 135رنز بناکر 53رنز سے فائنل ہار گئی، شعیب ملک اور عثمان شنواری نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
Comments are closed.