آزادی ختم،گلگت بلتستان کو اب ٹیکس دینا ہو گا،وزیراعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے وزیرخارجہ میری لیڈرشپ کو چور چور کہتا ہے، کوئی اس کے ساتھ کیوں بیٹھے؟ یہ ملک جاہلوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کُل جماعتی کانفرنس ہوئی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بھی شرکت کی۔
راجہ فاروق حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے بے سروسامانی کے عالم میں جنگ لڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت کی حیثیت بدلنے پر ایک وزیر نے کہا ہندوستان میں صف ماتم بچھ گئی، تو کیا مودی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے غمزدہ ہوگا؟
انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا سیاسی نہیں سیکیورٹی ایشو ہے اور کشمیرعلاقائی تنازع نہیں، رائے شماری کا معاملہ ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ افسوس ہے گلگت کو صوبہ بنانے کیلئے الیکشن کا موقع استعمال کیا گیا، وزیراعظم پاکستان کو اس چیز سے مبرا ہونا چاہیے تھا۔
فاروق حیدر نے کہا کہ صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے لوگوں کو ٹیکس دینا ہوگا، اب یہ آزادی ختم ہوگی، ایک ہاتھ سے لیں گے تو دوسرے سے دیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیر خارجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے گزشتہ سال 5 اگست کو ماسٹر اسٹروک کھیلا، کیا وزیرخارجہ کا کام ایسی تقریریں کرنا ہے جیسی وہ قومی اسمبلی میں کرتے ہیں؟
وزیرخارجہ میری لیڈرشپ کو چور چور کہتا ہے، کوئی اس کے ساتھ کیوں بیٹھے؟ یہ ملک جاہلوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔
Comments are closed.