ٹیلی فون کال معاملہ، ایف آئی اے نے شوکت ترین کو طلب کرلیا
فائل:فوٹو
اسلام آباد: ٹیلی فون کال کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو طلب کرلیا۔
سابق وزیرخزانہ شوکت ترین اور وزیرخزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کے درمیان فون کال کے معاملے پرایف ا?ئی سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ شوکت ترین کو 21 ستمبر صبح 10 بجے سائبر رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری 15 ستمبر کو ارشد محمود کی درخواست پر خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا سے فون کال کی بنیاد پر شروع کی گئی۔
نوٹس کے متن میں شوکت ترین کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ فون کال میں آپ تیمور جھگڑا کو اکسا رہے ہیں کہ خیبر پختونخواہ حکومت وفاقی حکومت کوفسکل بجٹ کی اضافی رقم واپس نہیں کرے تاکہ ایسا کرنے سے وفاقی حکومت اورآئی ایم ایف کے درمیان مسائل پیدا ہوں۔
آپ ذاتی حیثیت میں 21 ستمبر صبح 10 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوں تاکہ آپکا بیان ریکارڈ کیا جاسکے۔اگر آپ پیش نہ ہوئے تو اسکا مطلب ہوگا کہ آپ کے پاس دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شوکت ترین اورتیمور جھگڑا اور پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کی فون پر کی گئی گفتگو منظر عام پر آئی تھی جس میں سابق وزیرخزانہ مختلف اقدامات کے ذریعے وفاقی حکومت پر دباوٴ بڑھانے کے بارے میں بات کررہے تھے۔
Comments are closed.