چین کا مشتبہ جاسوس غبارہ امریکہ نے مار گرایا ہے، پینٹاگون کی تصدیق

52 / 100

واشنگٹن: چین کا مشتبہ جاسوس غبارہ امریکہ نے مار گرایا ہے، پینٹاگون کی تصدیق سامنے آگئی، غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جاسوس غبارہ چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، امریکی صدر بائیڈن نے غبارہ مار گرانے پر امریکی فوج کو مبارکباد دی۔

امریکی وزیر دفاع کاکہنا ہے کہ دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو فوقیت دے گی۔

امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق چینی غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کررہا تھا اوراب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کا سبب بن گیا ہے ، ابتداء میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعہ کو چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا.

چین نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر افسوس ہے ، چین کسی بھی ملک کی سرزمین یا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا ارادہ نہیں رکھتا۔

اس غبارے کے منظرعام پر آنے کے بعد امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن کا اتوار کو بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا ، اس کا مقصد امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی کو کم کرناتھا۔

Comments are closed.