کور کمانڈرز کا پشاور مسجد دھماکہ کے ذمہ داران کوکیفرکردار تک پہنچانے کا عزم

52 / 100

راولپنڈی: کور کمانڈرز کا پشاور مسجد دھماکہ کے ذمہ داران کوکیفرکردار تک پہنچانے کا عزم ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ 

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق 255ویں کور کمانڈر کانفرنس کے دوران شرکاء کو موجودہ اور اُبھرتے ہوئے خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کور کمانڈرز نے پشاور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کانفرنس کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیس لائنز دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

 آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پر فوکس جاری رکھنے کی ہدایت کی، کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پائیدار امن کے حصول تک جاری رکھے جائیں۔

کانفرنس میں دہشت گردوں اور ان کے حامی میکنزم کا گٹھ جوڑ توڑنے کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ 

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ فورم نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا نوٹس لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.