ہلال احمر نے 23 لاکھ سے متاثرین سیلاب کی بھر پور مدد کی

شاہداحمدلغاری

49 / 100

اسلام آباد: ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت  ایک تصور بن کر رہ گیا ہے ہم نے اس امید کو جگانا ہے تا کہ ہر ایک فرد دوسرے کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار رہے۔

ان خیالات کا ظہار انہوں نے حسن ابدال کیڈٹ کالج  میں ہلال احمر یوتھ کلب کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ حسن ابدال کیڈٹ کالج تاریخی اہمیت کی عظیم درسگاہ ہے جو مستقبل کی قیادت پیدا کر رہی ہے۔

شاہد لغاری نے کہا نوجوان وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں۔رضاکارانہ جذبوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت اور ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ دکھی انسانیت اور قدرتی آفات و سانحات سے متاثرہ لوگوں کی خدمت  ہلال احمر کا طرہ امتیاز ہے۔

ہلال احمر نے 23 لاکھ سے متاثرین سیلاب کی بھر پور مدد کی ہے۔دسترخوان کی روایت برقرار رکھتے ہوئے  چالیس روز تک بلا ناغہ روزانہ چھ ہزار سے زاہد متاثرین کو پکا پکایا کھانا فراہم کیا گیا۔

انھوں نے کہا ہلال احمر کے رضاکار ہمہ وقت متاثرین سیلاب کی خدمت پر مامور رہے اور آج بھی صرف ہلال احمر کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔یوتھ کلب کیڈ ٹ کالج  کی خدمات قابل ستائش  ہیں۔

ہلال احمر کے ساتھ اشتراک آگہی پھیلانے اور لوگوں کی خدمت کی نئی  بلندیوں کو چھوئے گا۔انہوں نے کلب ممبران کے لئے ریڈ جیکٹس،ریڈ کیپ،چھتریوں کی فراہمی کا بھی عندیہ دیا۔

اس  سے قبل یوتھ کلب سیکرٹری کیڈٹ حسنین ممتاز نقوی نے کلب کی سرگرمیوں سے متعلق ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔

وائس پرنسپل کلیم مصطفےٰ نے اپنے خطاب میں ہلال احمر کے ساتھ سات  برس پر محیط شراکت داری کو مستحکم اور فعال بنانے کا عزم دوہراتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر نے کیڈٹس میں رضاکارانہ جذبوں کو ایک نئی امنگ دی ہے۔

ان کاکہنا تھا یوتھ کلب کی کاوشیں سرائے جانے کے لائق ہیں۔ہم جہاں بھی ہوں انسانیت کی خدمت کو مقدم سمجھیں گے۔اس شراکت داری اور باہمی اعتماد پر ہمیں فخر ہے۔

ڈپٹی وائس پرنسپل شوکت محمود نے خطبہ استقبالیہ میں مہمانان گرامی کی آمد اور یوتھ کلب کے نو منتخب عہدیداران کو پذیرائی بخشنے پر شکریہ ادا کیا۔

حسن ابدال کیڈٹ کالج کی جانب سے وائس پرنسپل کلیم مصطفےٰ نے  چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری،سیکرٹری جنرل عبید اللہ خان، شعبہ یوتھ اینڈ والینٹیئرکی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مصباح مشتاق کو سوینئر پیش کئے گئے۔

ہلال احمر کی جانب سے یوتھ کلب کے سابق ہیڈ معظم علی ثاقب کو توصیفی  سند اور کیڈٹ کالج کے لئے اعزازی سرٹیفیکیٹ دیا گیا۔ نو منتخب ہیڈ یوتھ کلب مرزا سعید،سیکرٹری یوتھ کلب حسنین ممتاز نقوی اور وائس پرنسپل کلیم مصطفےٰ کو ہلال احمر کی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

ہلال احمر یوتھ کلب کے لئے سائیکلیں بھی فراہم کی گئیں۔چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری کو کالج کے دورہ کے دوران مختلف ونگز، سپورٹس سہولیات،غیر نصابی و نصابی سرگرمیوں سے متعلق بتا یا گیا۔ ممتاز ماہر تعلیم،بانی کالج  ”کیچ پول“کی آخری آرام گاہ  پر بھی لے جایا گیا۔

Comments are closed.