پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43اراکین کے استعفے منظور

46 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے رواں ماہ تحریک انصاف کے 69 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کا استعفیٰ منظور کیا تھا۔گزشتہ روز تحریک انصاف نے اسپیکر کو بذریعہ ای میل اپنے 45 ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا کہا تھا، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارٹی پالیسی پر چلنے والے 2 ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں، ذرائع کا کہناہے کہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے دو دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے، ذرائع کے مطابق اسپیکر کا 43 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔

الیکشن کمیشن اسپیکر نوٹیفکیشن اور پی ٹی آئی درخواست کا جائزہ لیکر فیصلہ کریگا، گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی کہ اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا گیا ہے۔اسپیکر اگر استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

تاہم آج اسپیکر قومی اسمبلی آفس نے بتایا کہ مزید 43 استعفے منظور ہوچکے ہیں جب کہ 2 ارکان کے استعفے چھٹی کی درخواست کی وجہ سے منظور نہیں کئے گئے۔ مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔

Comments are closed.