شمالی وزیرستان , میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید

59 / 100

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں مانسہرہ کے رہائشی22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر کے رہائشی 26سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی25سالہ عمیراور نارووال کے رہائشی سپاہی 30سالہ خرم شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خدا تعالی شہدا کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

Comments are closed.