اسرائیل کے تیسرے دن بھی غزہ پر فضائی حملے، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد29ہوگئی

53 / 100

غزہ:اسرائیل کے تیسرے دن بھی غزہ پر فضائی حملے، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد29ہوگئی، مرنے والوں میں 6بچے اور4خواتین بھی شامل ہیں، فلسطینی وزارت صحت نے 4خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

فلسطینی وزارت صحت نے مزید بتایا ہے کہ غزہ میں جمعہ سے جاری تازہ ترین اسرائیلی جارحیت کے دوران اب تک 253 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں،فلسطین کی اسلامک جہاد تحریک نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے سینئر کمانڈر کے مارے جانے کی تصدیق کردی۔

اسلامک جہاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ القدس بریگیڈز (مقبوضہ بیت المقدس بریگیڈ) سلامتی کونسل کے رکن اور غزہ کی پٹی کے کمانڈر خالد منصور کا سوگ منا رہی ہے جو گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

اسلامی جہاد نے کہا تھا کہ اسرائیلی بمباری ‘اعلان جنگ’ کے مترادف ہے اور چند گھنٹے بعد 100 سے زیادہ راکٹوں کے حملے کے ذریعے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کی، جس سے 8اسرائیلی زخمی اور املاک کو نقصان پہنچا ۔

جمعہ کواسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے پانچ سالہ بچی سمیت 15 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیاروں نے جہادی تنظیم کے کمانڈر تیسیر الجبری کو نشانہ بنایا۔

صہیونی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینوں کی شہادت میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 5 سالہ بچی بھی شامل ہے۔

دوسری جانب اسرائیل حملے کے جواب میں اسلامک جہاد نے شدید ردعمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغے۔

فلسطین کی نمائندہ مزاحتمی تنظیم حماس نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل دوبارہ جنگی جرائم کا مرتکب ہوا جس کی اسے قیمت چکانی پڑے گی۔

Comments are closed.