شام میں ایس ڈی ایف کا داعش کی خلافت کے خاتمہ کا اعلان

اسلام آباد(نیٹ نیوز ) شام میں داعش کو شکست دے کر کردوں کی زیر سرپرستی چلنے والی سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے عالمی دہشت گرد تنظیم کی 5 سالہ خلافت کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایس ڈی ایف جنگجووٴں نے شدت پسند تنظیم کے آخری گڑھ باگوز میں عمارتوں پر اپنی فتح کے جھنڈے لہرا دیئے ہیں۔

ایس ڈی ایف میڈیا آفس کے سربراہ مصطفیٰ بالی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں داعش کی خود ساختہ خلافت کے 100 فیصد خاتمے اور ان کی شکست کا اعلان کیا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق داعش اپنے عروج پر عراق اور شام میں 88 ہزار اسکوائر کلومیٹر رقبے کو کنٹرول کر رہے تھے۔

ایس ڈی ایف اتحاد نے داعش کے خلاف فیصلہ کن معرکہ رواں برس مارچ میں شروع کیا تھا جس میں شدت پسند تنظیم نے شام کے مشرقی علاقے باگوز میں پناہ لے لی تھی۔

فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ایس ڈی ایف کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی ایس ڈی ایف کے اعلان کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانوی عوام اور دیگر لوگوں کے تحفظ کے لیے جو ضروری ہوا کریں گے۔

خیال رہے کہ 2003 میں عراق سے القاعدہ کے خاتمے کے بعد داعش نے جنم لیا تھا اور پھر 2011 میں اس تنظیم میں شامی صدر بشار الاسد کے مخالفین بھی شامل ہو گئے تھے۔

2014 میں داعش نے عراق اور شام کے بہت بڑے رقبے پر قبضہ کر کے اپنی خلافت کا اعلان کر دیا تھا۔عراقی حکومت نے 2017 میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا۔

Comments are closed.