برطانیہ میں رات گئے4مساجد پر حملے، شیشے دروازے توڑ دیئے

لندن(ویب ڈیسک) نیوز لینڈ کے بعد برطانیہ میں بھی مساجد پرحملوں کے واقعات، برمنگھم میں رات گئے نامعلوم افراد نے 4 مساجد پر حملہ کیا اور شیشے توڑ کر بھاگ گئے ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں گزشتہ رات 4 مساجد پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، حملہ آور مساجد کے شیشے توڑ کر بھاگ گئے۔

چاروں مساجد کی 7 کھڑکیوں کے شیشوں اور 2 دروازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مساجد پر حملے کے بعد مقامی مسلمانوں میں خوف وہراس پھیل گیا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

برطانوی میڈیاکے مطابق فارنسک ایکسپرٹ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے قریبی کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

برطانوی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ان حملوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تمام پہلووٴں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

دوسری جانب چیف کانسٹیبل تھامسن کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد سے ہمارے افسران مساجد، گرجا گھروں اور دوسری تمام عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے کام کررہے ہیں۔

Comments are closed.