قتل میں ملوث ہری پور کے رکن اسمبلی فیصل زمان ایم پی اے ہاسٹل سے فرار

پشاور( زمینی حقائق ڈاٹ کام )قتل میں ملوث ہری پور کے رکن اسمبلی فیصل زمان ایم پی اے ہاسٹل سے فرار ہو گئے، ملزم دوہرے قتل کیس میں ملوث ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فیصل زمان کی گرفتاری کے لیے پشاور پولیس کی بھاری نفری ایم پی اے ہاسٹل پہنچی تھی تاہم وہ پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی وہاں سے روپوش ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ فیصل زمان سہ پہر 4 بجے کے بعد سے ایم پی اے ہاسٹل میں موجود نہیں ہیں کیونکہ ان کو فوری گرفتار کرنے کا پروگرام تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی نے فیصل زمان کے 9 مارچ کو پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے، وہ گزشتہ 42 دنوں سے جیل کے بجائے ایم پی اے ہاسٹل میں مقیم تھے۔

پروڈکشن آرڈر کے زریعے پشاور منتقل کئے جانے والے فیصل زمان جو پی کے 42 ہری پور سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی ہیں، ایم پی اے ہاسٹل اُن کے لیے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان پر پی ٹی آئی کے رہنما طاہر اقبال اور گل نواز کے قتل کا الزام ہے، پولیس نے انہیں اس کیس میں گرفتار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اس لئے فرار ہوا کہ فیصل زمان کی درخواست ضمانت انسداددہشت گردی عدالت اورہائی کورٹ نے مستردکی تھی، اے ٹی سی نے مقدمے کا ٹرائل مکمل کرلیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت ایبٹ آباد نے دوہرے قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جبکہ عدالت نے فیصل زمان کی نقل و حرکت پر پابندی بھی لگارکھی ہے تاہم پروڈکشن آرڈ ر پر انھیں ہاسٹل میں لایا گیا ۔

Comments are closed.