اپوزیشن کی کے پی میں بھی نقب لگانے کی کوشش،پی ٹی آئی ارکان سے رابطے

پشاور( زمینی حقائق ڈاٹ کام) اپوزیشن کی کے پی میں بھی نقب لگانے کی کوشش،پی ٹی آئی ارکان سے رابطے، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے 51تحریک انصاف کے94ارکان ہیں۔

مسلم لیگ ن پشاور کے مقامی رہنما دعویٰ کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے درجنوں ارکان اسمبلی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں وہ وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔

مرکز میں پی ٹی آئی ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرنے کے بعد تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے قبل آئین کے آرٹیکل63اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا مگر اس پر فیصلہ سے قبل عدم اعتماد پر فیصلہ آگیا۔

دوسری طرف خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے ان کو شکست ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا عمران خان اور پی ٹی آئی کا مضبوط قلعہ ہے۔

انھوں نے کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو دن میں تارے نظر آجائیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے سوال کیا کہ 51 ارکان کا جتھہ 94 ارکان کی حکومت کیسے ختم کر سکتا ہے؟خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی فولاد کی طرح مضبوط ہے، اس کے ساتھ ہی انھوں نے مطالبہ کیا کہ ضمیر فروشی یا ضمیر خریدنے پر بھی سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان پر ارکان اسمبلی کا مکمل اعتماد ہے،جو اپوزیشن عوام کے پاس جانے سے خوفزدہ ہے وہ ہمارے خلاف کیا کر سکے گی۔ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Comments are closed.