ریلوے شدید مالی بحران کا شکار، 1لاکھ پنشنرز کو تاحال پنشن نہ مل سکی

57 / 100

فوٹو: فائل

راولپنڈی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان ریلوے شدید مالی بحران کا شکار، 1لاکھ پنشنرز کو تاحال پنشن نہ مل سکی، پنشن کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

ٓذرائع کے مطابق گزشتہ 5ماہ سے یہی صورتحال ہے تمام سرکاری پنشنرز کو رولز کے مطابق مہینے کے آخری دن یا یکم کو پنشن مل جاتی ہے جب کہ ریلوے کے پنشنرز کو10تاریخ تک لٹکائے رکھا جاتاہے۔

ریلوے کے ذمہ داران نے پنشن کیلئے پیسے نہ ہونے کے باعث وزارت خزانہ سے رجوع کیا تھالیکن وہاں سے انھیں لال جھنڈی دکھائی گئی ہے، وزارت خزانہ نے واضح کیاہے کہ ریلوے پنشنرز پاکستان ریلوے کی ذمہ داری ہیں ہماری نہیں۔

گزشتہ چند مہینوں پنشن کی وجہ سے مسائل کا شکار ہونے والی بیوائیں اور بزرگ پنشنرز کے حوالے سے بتایا گیا ہے ایسے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے جو کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے یوٹیلٹی بلز بھی جمع نہیں کراپاتے۔

بچوں کی اسکول و کالجز کی فیسیں بھی مسلہ ہیں لیکن بعض غریبوں کے تو گھر میں کھانے پینے کے اخراجات وصول کرنے کیلئے عزیز و اقارب سے قرض لینا پڑتا ہے اور تاخیر سے پنشن ملنے کے باعث ادھر سے پیسے لیتے ہیں دوسری طرف ادھار چکا دیتے ہیں۔

ریلوے کی آل پاکستان پنشنرز ایسویسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم عادل بٹ اور سیکرٹری جنرل اورنگز یب تنولی کی طرف سے لاہور ہیڈ کوارٹر اور وزارت ریلوے کے حکام سے بار بار رابطوں کے باوجودابھی تک پنشن ادائیگی کی صورت نظر نہیں آتی۔

ذرائع کے مطابق ریلو ے پنشنرز ایسوسی ایشن کی طرف سے وزیرعظم عمران خان، وزیر ریلوے اعظم خان سواتی،سیکرٹری ریلوے سمیت تمام متعلقہ ارباب اختیار کو خطوط بھی لکھے گئے ہیں مگر پنشن کا مسلہ حل نہ ہوسکا۔

ملک بھر میں پھیلے ہزاروں پنشنرز اور ان کی تنظیم کی طرف سے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ خود معاملے کا نوٹس لیں ، وزیر ریلوے نہ غریب پنشنرز کی پنشن کا مسلہ حل کرتے ہیں نہ معاملے کو سنجیدہ لے رہے ہیں۔

پنشنرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ التجائیں کرکر کے تھک گئے تو پھر ہمارے پاس بال بچوں سمیت ڈی چوک پہنچنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا،متعلقہ حکام سے امید کرتے ہیں پنشنرز کو بروقت ادائیگی ممکن بنائیں گے۔

Comments are closed.