تعلیمی اداروں میں 12 سال سے زائد طلبہ کی ویکسی نیشن لازمی قرار

54 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد( ویب ڈیسک) تعلیمی اداروں میں 12 سال سے زائد طلبہ کی ویکسی نیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیاہے اس کااطلاق ملک بھر میں کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس میں این آئی ایچ ذرائع کاحوالہ دے کر بتایاگیاہے کہ ملک میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، آئندہ دو ہفتوں میں تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی۔

اس حوالے سے این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ مہم چلانے کا فیصلہ کیاہے،مہم کے دوران بارہ سال سے زائد عمر کے تمام طالب علموں کی ویکسی نیشن کی جائے گی،یکم فروری سے آغاز کیاجائے گا۔

این آئی ایچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹنگ میں زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بند رکھے جاسکتے ہیں، اور 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق مہم کے دوران تعلیمی اداروں میں 100 فی صد طلبہ کی ویکسی نیشن یقینی بنانا ہدف ہے، اورجو طلبہ ویکسی نیشن سے استثنیٰ چاہتے ہیں انھیں وجوعات بتانے کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

بتایا جاتاہے کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والے طلبہ تعلیمی سہولتوں سے محروم رکھنے کی تجویزہے اس مہم کا مقصد ملک میں کورونا وائرس کو بڑھنے سے روکنا ہے اور آئندہ خطرات سے نمٹناہے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے ایک بار پھر پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کراچی یومیہ شرح میں بدستور سرفہرست ہے، کراچی میں کرونا مثبت آنے کی شرح تقریباً 39 فی صد ہو گئی ہے۔

اسی طرح گوجرانوالہ میں شرح 15، حیدر آباد میں 14، لاہور میں تقریباً 13 فی صد،اسلام آباد میں 9، راولپنڈی میں 7.6 اور پشاور میں 7.24 فی صد ریکارڈ کی گئی ۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں شرح ساڑھے 18 فی صد، پنجاب میں 5، آزاد کشمیر میں 3، بلوچستان میں ڈھائی فی صد رہی، جب کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا مثبت آنے کی شرح ساڑھے 9 فی صد ہو چکی ہے۔

Comments are closed.